Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے ضمنی الیکشن میں عمران خان کے انتخابی فہرستوں سے ووٹ نکالنے کے الزام کو مسترد کر دیا

ووٹر لسٹوں سے آخری وقت میں ووٹ نکالنا ممکن ہی نہیں، عمران خان دھاندلی فوبیا سے باہر آجائیں‘ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سردار ایاز صادق کاٹی وی چینل سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 22:40

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) نے این اے 122کی ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے انتخابی فہرستوں سے ووٹ نکالنے کے الزام کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ اب عمران خان دھاندلی فوبیا سے باہر آجائیں اور الزام تراشی ترک کر کے سنجیدگی اختیار کریں ۔

(جاری ہے)

پیر کو ٹی وی چینل کو اپنے انٹر ویو میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان الزامات اور لڑائی جھگڑے کا متحمل نہیں ہو سکتا، عمران خان الزامات تراشی ترک کردیں، سنجیدگی اختیار کریں، دھاندلی کے الزامات عدالتوں اور عوام نے مسترد کردیئے۔

انہوں نے کہا کہ الزام تراشی اچھی اپوزیشن کا طریقہ نہیں، حکومت کو کام کرنے دیں، مسلسل الزام تراشی جاہلانہ رویہ ہے، ملک کی خدمت نہیں، ووٹر لسٹوں سے آخری وقت میں ووٹ نکالنا ممکن ہی نہیں ۔ عمران خان دھاندلی فوبیا سے نکلیں اور ایشوز کی سیاست کریں۔ جبکہ نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی ترقی کیلئے ڈھائی سال مل کر کام کریں پھر بے شک ان کے خلاف الیکشن لڑیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو عزت دینا سیکھیں اور دھیمی زبان استعمال کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات