مشاہیرتحریک آزادی کی ناقابل فراموش خدمات اوربے مثال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا

پیر 12 اکتوبر 2015 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) مشاہیرتحریک آزادی کی ناقابل فراموش خدمات اوربے مثال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔راجہ امیر احمد خان آف محمود آباد نے قائداعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ میں شامل ہوکر تحریکِ پاکستان میں پرجوش حصہ لیا۔ان خیالات کااظہارمسلم لیگ ہائی سکول ایمپریس روڈ لاہور کے ڈپٹی ہیڈ ماسٹر فرانسیس لوئیس نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنما راجہ امیر احمد خان آف محمودآباد کی 42ویں برسی کے موقع پر نئی نسل کو ان کی حیات و خدمات کے متعلق آگاہ کرنے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔

اس لیکچر کااہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرست کے اشتراک سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پراساتذہٴ کرام اور طلبہ کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔ پروگرام کا آغاز حسب معمول تلاوت قرآن حکیم‘ نعت رسول مقبول اور قومی ترانے سے ہوا۔فرانسیس لوئیس نے کہاآزادی کے پروانوں نے پاکستان کیلئے اپنا تن من دھن قربان کردیا۔ راجہ امیر احمد خان ریاست محمود آباد کے رئیس تھے۔

ان کے والد مہاراجہ علی محمد برصغیر پاک و ہند کے مشہور قومی رہنما تھے۔ وہ برطانوی سامراج کے مخالف تھے۔راجہ امیر احمد خان نے مسلم لیگ اور تحریک پاکستان میں پرجوش حصہ لیا۔آپ مسلم لیگ کے صف اول کے رہنما تھے۔ 1937ء میں مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس منعقدہ لکھنو میں مجلسِ استقبالیہ کے صدر تھے۔ قائداعظم نے آپ کو آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کا صدر نامزد کیا۔

آپ نو سال تک فیڈریشن کے صدر رہے۔ اس منصب کو انہوں نے انتہائی جانفشانی سے نبھایا۔ 1945ء میں مرکزی اسمبلی کے لئے قائداعظم کی انتخابی مہم کے نگران تھے جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔راجہ صاحب کو قائداعظم سے بڑی عقیدت تھی۔ قائداعظم کو بھی راجہ امیر احمد خان پر کامل اعتماد تھا۔آپ پاکستان کے اتحاد کے علمبردار تھے۔ راجہ امیر احمد خان کی شخصیت تحریکِ پاکستان کے خلوص و ایثار کا مظہر تھی۔ 12 اکتوبر 1973ء کو لندن ہی میں داعیٴ اجل کو لبیک کہا۔ وہ مشہد کے مقدس شہر میں مدفون ہیں ۔`