محرم الحرام کے دوران تمام مسلک کے مذہبی رہنماء اور علماء کرام ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں‘ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی

پیر 12 اکتوبر 2015 22:05

راولپنڈی۔12اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تاجر برادری، امن کمیٹیاں، تمام مسلک کے مذہبی رہنماء اور علماء کرام ٹریفک انتظامات، لاء اینڈ آرڈر ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قیام امن کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کر تے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور ٹریفک کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو براہ راست میرے نوٹس میں لائیں۔

اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں ضلع راولپنڈی اور اس کی تحصیلوں کی تاجر برادر ی ، امن کمیٹیوں کے اعلیٰ عہدے داران اور تمام مسلک کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک انتظامات کے سلسلے میں میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر تمام سرکلز کے ڈی ایس پیز، انسپکٹر ز /سیکٹر انچارجز بھی موجود تھے۔

ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے کہا کہ راولپنڈی سمیت تمام تحصیلوں میں محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں اور مجالس کی ٹریفک کے حوالے سے مکمل سیکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کر تے ہوئے وارڈن افسران کی سپیشل ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیاگیا ہے تاکہ کسی بھی حوالے سے سیکیورٹی رسک پیدا نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تاجر برادری، امن کمیٹیاں، تمام مسلک کے مذہبی رہنماء اور علماء کرام ضلع پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کے ساتھ بھی بھر پور تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران قیام امن اور فول پروف سیکیورٹی کے لیئے ضلع پولیس اور ٹریفک پولیس کی طرف سے کی گئیں کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے تاکہ کوئی بھی نا خوشگوار واقع رونما نہ ہو چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی شعیب خرم جانباز نے اس دوران تاجر برادری اور دیگر رہنماؤں سے ٹریفک انتظامات کے سلسلے میں درپیش مسائل کے حوالے سے بھی پوچھا اور ان کے حل کے لیئے احکامات جاری کیئے۔

متعلقہ عنوان :