12 اکتوبر کا دن جمہوریت کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کیلئے تجدید عہد کا دن ہے،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

پیر 12 اکتوبر 2015 22:05

اسلام آباد ۔12 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی قیادت میں جمہوریت کی سربلندی کے سفر کو جاری رکھے گی، ملک کی ترقی کا واحد راستہ توانا جمہوری روایات کا مسلسل فروغ ہے۔ پیر کو ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 12 اکتوبر کا دن جمہوریت کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999ء سے 12 اکتوبر 2015ء تک کے سفر میں پاکستانی قوم کو آگ اور خون کے سمندر عبور کرنے پڑے، ہر مارشل لاء نے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلا، افراتفری اور انتشار کو فروغ دیا، ملک میں لاقانونیت، دہشت گردی، بدعنوانی اور غربت چار مارشل لاؤں کا نتیجہ ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ مارشل لاز نے زرد اور جعلی جمہوریت کو فروغ دیا، ملک پر مصنوعی قیادتیں مسلط کیں، ملک کی ترقی کا واحد راستہ توانا جمہوری روایات کا مسلسل فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو سیاست سے الگ کرنے والی فوجی قیادت پوری قوم کی تحسین کی حقدار ہے۔

متعلقہ عنوان :