وزیراعلیٰ کی منڈی بہاؤالدین میں زیادتی کے بعد قتل ہونیوالے 11 سالہ طالبعلم کے گھر آمد،اہلخانہ سے اظہارافسوس

طالبعلم رضا ارشدکے قتل کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے،متاثرہ خاندان کو انصاف دلاؤں گا،شہبازشریف آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن میرا وعدہ ہے ہر قیمت پرناصرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا دلخراش واقعہ پر دلی دکھ ہواہے ،رضا ارشد کے قاتل قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے،رضا ارشد کے قتل کامقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا،پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کی کفالت دیکھ بھال کرے گی متاثرہ خاندان اورمقتول کے بھائیوں کو تعلیم اورعلاج معالجہ کی مفت سہولتیں مہیا کریں گے،متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،ایسے درندہ صفت کسی رعایت کے مستحق نہیں،وزیراعلیٰ کی مقتول کی والدہ سے گفتگو، انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

پیر 12 اکتوبر 2015 21:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے منڈی بہاؤالدین کی نواحی بستی محلہ کوٹ احمد شاہ میں زیادتی کے بعدقتل کیے جانیوالے چوتھی جماعت کے11سالہ طالبعلم رضا ارشدکے گھر گئے اورمقتول طالبعلم رضا ارشد کی والدہ اور دیگر لواحقین سے اس اندوہنا ک واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے مقتول طالب علم کے والد محمد ارشد کے انتقال پر بھی غم اوررنج کااظہار کیا اور مقتول رضا ارشداوراس کے والد محمد ا رشد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مقتول رضا ارشد کی والدہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کے قتل کایہ انتہائی دلخراش واقعہ ہے اور مجھے اس واقعہ پر دلی رنج پہنچا ہے -میرا آپ سے وعدہ ہے کہ میں آپ کو انصاف دلاؤں گااورملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا-وزیراعلیٰ نے مقتول رضا ارشد کی والدہ کو دلاسہ دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ اﷲ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں آپ کو قانون کے تحت انصاف دلاؤں گا - انہوں نے کہاکہ میں آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتالیکن انصاف ضرورملے گا -رضا ارشد کے قتل میں ملوث ملزم کسی صورت قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے- وزیراعلیٰ نے مقتول کی والدہ سے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رضا ارشدکو انتہائی اندوہناک طریقے سے مارا گیاہے،جس نے یہ درندگی کا مظاہرہ کیاہے اسے قانون کے تحت کڑی ترین سز ا ملے گی-رضا ارشد کے قتل میں ملوث ایک ملزم قانون کے آہنی ہاتھ کی گرفت میں آ چکا ہے اور سخت ترین سزا سے نہیں بچ پائے گااور ہر قیمت پرانصاف ہوگا اورایسے درندہ صفت کسی رعایت کے مستحق نہیں-انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاندان اورمقتول طالب علم رضا ارشد کے بھائیوں کی دیکھ بھال کرے گی اور تعلیم اورعلاج معالجہ کی مفت سہولتیں مہیا کریں گے اورمتاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے اس افسوسناک واقعہ کی خبر ملتے ہی نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیااورپولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔

مقتول رضا ارشد کی والدہ نے وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جس درخت کے نیچے میرے معصوم بچے کو مارا گیا ہے ملزم کو بھی وہیں پر پھانسی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دھمکیاں بھی مل رہی ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔واضح رہے کہ11سالہ رضا ارشدکو4اکتوبر کو زیادتی کے بعد تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا تھا اورلاش قبرستان سے برآمد ہوئی تھی۔

وزیراعلیٰ کے حکم پر ایک ملزم رضوان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے اور آلہ قتل برآمد کرلیاگیا ہے ۔رضا ارشد ایک غریب خاندان کا بیٹا تھا۔مقتول رضا ارشد کے والد محمد ارشد کاصدمے کے باعث 8اکتوبر کو انتقال ہوگیا تھا اورمرحوم بیرون ملک کام کرتے تھے اورچھٹی پر آجکل گھر آئے ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :