پاکستان پیپلزپارٹی کا ملک محمد اسلم چنا سمیت دو کارکنوں کے قتل کے خلاف 3روزانتخابی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان

ملک اسلم چنا سمیت دوکارکنوں کا قتل گہری سازش ہے، حکمران قاتلوں کو گرفتارکرکے بے نقاب کریں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کی قادر آباد میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 12 اکتوبر 2015 21:54

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد خان وٹو نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی صوبائی حلقہ پی پی 188کے صدر ملک محمد اسلم چنا کی دو ساتھیوں سمیت الیکشن مہم کے دوران قتل کو حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے مقامی منتخب اراکین کی گہری سازش قرار دیتے ہوئے ضلع اوکاڑہ میں بلدیاتی الیکشن کی سرگرمیوں کو تین روز کیلئے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ،وہ پیر کومقتول ملک محمد اسلم چنا کی رسم قل کے موقع پر حجرہ شاہ مقیم میں انکے آبائی گاؤں قادر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے، منظور وٹو نے ملک محمد اسلم اور انکے دونوں ساتھیوں کو شہید قرار دیا اور کہا کہ مقتول محمد اسلم چنا ایک معروف سیاسی وانسان دوست شخصیت تھے جن سے انکا گزشتہ پچیس سالوں سے گہرا دوستانہ تعلق تھاجنہوں نے اپنے حلقہ میں ہمیشہ مسلسل کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کئے جس سے لوکل حکمران طبقہ کے بعض اکابرین ملک محمد اسلم چنا کی بھر پور عوامی مقبولیت سے خائف و نالاں تھے ،انہوں نے واضع کیا کہ ملک محمد اسلم چنا کے قتل میں حکمران پارٹی کی قیادت میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف ملوث نہیں بلکہ ان کے قتل کی گہری سازش اور منصوبہ بندی میں لوکل حکمران شامل ہیں،انہوں نے پیپلز پارٹی کے اہم راہنما اور انکے ساتھیوں کے قتل میں ملوث اور قتل کے درِ پردہ ہاتھ کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے حقیقی ذمہ داران کا سراغ لگا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔