وزیراعظم ایک ہفتہ کے اندر کسان پیکیج پر عمل کریں،میٹروبس کی تکمیل کے بعد لاہور میں ہونے والے پہلے صوبائی الیکشن میں ن لیگ کو شکست ہوئی،ن لیگ کے اقتدار کی چولیں ہل گئیں، نام نہاد خادم اعلیٰ کی کارکردگی سے پردہ اٹھ گیا

عوامی تحریک کے رہنماؤں خرم نوازگنڈاپور ، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ کی متفقہ امیدوار شعیب صدیقی کو جیت پر مبارکباد

پیر 12 اکتوبر 2015 21:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور ،صوبائی صدر بشارت جسپال اور جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اب ایک ہفتہ کے اندر کسانوں کیلئے پیش کیے جانے والے 341 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد کروائیں ورنہ کسانوں کے شدید ردعمل کیلئے تیار رہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہمارا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم 2018 ء میں بھی کسان پیکیج پر عمل نہیں کرینگے۔

میٹروبس کی تکمیل کے بعد لاہور میں ہونے والے پہلے صوبائی الیکشن میں ن لیگ کو شکست ہوئی اور خادم اعلیٰ کی نام نہاد کارکردگی سے پردہ اٹھ گیا۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ ریاستی مشینری کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر این اے 122 کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے اقتدار کی چولیں ہل گئیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد قاتل جیت پر نہیں عزت بچ جانے پر تالیاں بجارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے پی پی 147 سے اپنا امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ پی ٹی آئی کے جیتنے والے امیدوار کے حق میں دستبردار کروایا تھا۔بشارت جسپال نے کہا کہ لودھراں سے بھاگنے والوں کو اوکاڑہ اور لاہور میں شکست ہوئی۔این اے 122 میں ن لیگ نہیں بلکہ معمولی برتری سے الیکشن کمیشن، ایس ایچ اوز، پٹواری اور سرکاری عملہ جیتا ۔فیاض وڑائچ نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر کے کسانوں کی توجہ وزیراعظم کے کسان پیکیج کی طرف ہے اب الیکشن کمیشن کی طرف سے کوئی پابندی ہے نہ عدالت جانے کی ضرورت۔ وزیراعظم نے کسانوں سے 341 ارب روپے مالیت کے جتنے بھی وعدے کیے ہیں انہیں ایک ہفتہ کے اندر اندر حرف بہ حرف پورا کریں۔