کوریا ملک تعلیم کی ترویج میں بھرپور تعاون کرتا ہے ،یہی اس ملک کی ترقی کا راز ہے

کورین سفیرڈاکٹر سونگ جونگ ہان کا ایچ ای سی میں پاکستان اور جمہوریہ کوریادوستی تقریب سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 21:48

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) کورین سفیرڈاکٹر سونگ جونگ ہان نے ایچ ای سی ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام کے تحت دنیا کے معروف کورین اداروں اور کوریا کی مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے مفکرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا ملک تعلیم کی ترویج میں بھرپور تعاون کرتا ہے اوریہی اس ملک کی ترقی کا راز ہے۔

وہ پیر کو یہاں ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) میں اسلامی جمہوریہ پاکستان و عوامی جمہوریہ جنوبی کوریا کے مابین تعلیم، تحقیق اور کھیلوں کے روابط کے سلسلے میں کوریا کی آزادی کے موقع پرمنعقد ہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں کورین سفیرڈاکٹر سونگ جونگ ہان نے ایچ ای سی ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام کے تحت دنیا کے معروف کورین اداروں اور کوریا کی مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے مفکرین کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اُن کا ملک تعلیم کی ترویج میں بھرپور تعاون کرتا ہے اوریہی اس ملک کی ترقی کا راز ہے۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے دونوں ممالک کے مابین اشتراک بڑھانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں تعلیم کے سلسلے میں جانیوالے چار سو چھیالیس مفکرین دونوں ممالک کا اثاثہ ہیں۔

ایچ ای سی نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ کے تبادلے کے پروگرام بھی شروع کرے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اشتراک کے تحت کورین طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لئے پاکستان لایا جائے گا۔ کوریا کی تیزی سے ہونے والی ترقی اور ٹیکنالوجی میں ایک بہت بڑا ملک بننے سے ہمیں بہت سے اسباق سیکھنا ہیں۔ایچ ای سی سکالرشپس کے تحت جنوبی کوریاکی مختلف جامعات سے تعلیم یافتہ مفکرین کو"تاحیات تجربہ" قرار دیاجہاں انہوں نے نئی زبان سیکھی، ثقافت اور ٹیکنالوجی میں عملی تجربہ حاصل کیا۔

ڈاکٹر سید رضا علی رضا جامعہ یونسی، ڈاکٹر نادیہ خادم جامعہ ہنانگ، ڈاکٹر محمد ارشد جامعہ یونسی اور عادل نواز جامعہ ہنانگ نے اپنے تعلیمی تجربات بیان کئے۔ان کے شعبہ جات کمپیوٹر سائنس، نینو ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، فوجداری قانون اور خصوصی طور پر سائبر جرائم پر مرکوز تھے۔ کوریا میں اٹھائیسویں عالمی جامعات کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کرنے والے الطاف حسین شاہ نے اپنے تجربات بیان کئے اور ایچ ای سی اور کورین حکومت کا کھیلوں کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر غلام رضا بھٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے کہا کہ ایچ ای سی انسانی وسائل کی ترقی پر گامزن ہے اور اس مقصد کے لئے مستحق طلبہ کو وظائف دیئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو ایم ایس اور پی ایچ ڈی تعلیم حاصل کرنے کیلئے ایچ ای سی نے مختلف کورین جامعات کیساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :