نیکٹا میں خالی آسامیو ں کو پرکرنے کیلئے سمری کی منظوری دیدی گئی ہے،ادارے کو مزید فعال کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،شیخ آفتاب احمدکاسینیٹ میں اظہارخیال

پیر 12 اکتوبر 2015 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہاکہ نیکٹا میں خالی آسامیو ں کو پرکرنے کیلئے سمری کی منظوری دیدی گئی ہے،ادارے کو مزید فعال کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

پیرکو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹرسحرکامران نے تحریک پیش کی کہ ایوان نیشنل کاؤنٹرٹیرارزم اتھارٹی کی کارکردگی کو زیربحث لائے جس پراظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹرسحرکامران نے کہاکہ نیشنل کاؤنٹرٹیرارزم کاادارہ قائم ہوگیا مگر ابھی تک نامکمل ہے دو سال میں مختلف وجوہات پراس ادارے کے پانچ سربراہ تبدیل ہوچکے ہیں حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے موجودہ حالات میں اس ا دارے نے جو کردار ادا کرناتھا وہ نہیں کرسکا بجٹ میں اس کو نظرانداز کیا گیا جوادارہ نامکمل ہے وہ دہشتگردی میں کیا کردار ادا کرے گا ۔

شیخ آفتاب احمد نے کہاکہ ایوان میں کچھ باتیں حقائق پرمبنی ہیں اس کے سربراہ وزیراعظم ہیں وزارت داخلہ کاایک اہم کردار ہے تمام اداروں کی کوآرڈینیشن نیکٹا کے ذریعے کی جاتی ہے خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے سمری کی منظوری دیدی گئی 203 آسامیاں ہیں ابھی تک صرف48افراد کام کررہے ہیں ادارے کو مزیدفعال کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس ادارے کابجٹ178ملین روپے ہے۔