ضمنی انتخاب کی ووٹر لسٹوں میں منصوبہ بندی کے تحت ہیر پھیر کے باضابطہ ثبوت جمع کرنے اور تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ‘ چوہدری سرور

بے ضابطگیاں ثابت ہو گئیں تو ایسا احتجاج کرینگے جس سے حکومت کاچلنا مشکل ہو جائیگا ،ووٹوں کو دوسرے حلقوں اور شہروں میں منتقل کیا گیا سروے کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات کے بعد پی ٹی آئی کے حمایتی ووٹرز کے ووٹ دوسرے علاقوں میں منتقل کئے گئے ہیں پنجاب کے آرگنائزر کی عبد العلیم خان اور میاں اسلم اقبال کے ہمراہ گلبرگ میں پریس کانفرنس

پیر 12 اکتوبر 2015 21:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ضمنی انتخاب کی ووٹر لسٹوں میں منصوبہ بندی کے تحت ہیر پھیر کے باضابطہ ثبوت جمع کرنے اور تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،اگر بے ضابطگیاں ثابت ہو گئیں تو ایسا احتجاج کرینگے جس سے حکومت کے لئے چلنا مشکل ہو جائے گا ، (ن) لیگ والوں نے انتہائی منصوبہ بندی کے تحت تحریک انصاف کے حمایتی ووٹوں کو دوسرے حلقوں اور شہروں میں منتقل کیا ہے ۔

وہ گزشتہ روز گلبرگ میں عبد العلیم خان ، نو منتخب رکن اسمبلی شعیب احمد صدیقی ، میاں اسلم اقبال ،جمشید اقبال چیمہ اور شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ اب تک ہمارے پاس ایسی درجنوں شکایات اور ثبوت آئے ہیں جن میں یہ ثابت ہو رہا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حکومت نے ووٹر ز لسٹوں میں ہیر پھیر کی ہے لیکن ہم ابھی حتمی طور پر کچھ کہہ کر سیاست نہیں کرنا چاہتے بلکہ اس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے جسکی رپورٹ آنے کے بعد ہم آئندہ کی حکمت عملی کااعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

اگر تمام باتیں سچ ثابت ہو گئیں تو ایسا احتجاج ہوگا کہ حکومت کے لئے چلنا مشکل ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک میں جمہوریت کے نام پر جمہوری آمریت قائم ہو جائے اور لوگوں کے ووٹوں پر ڈاکے ڈالے جائیں تو ان حالات میں سیاسی جماعتیں احتجاجی دھرنے نہ دیں تو کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شعیب صدیقی کی کامیابی اور عبد العلیم خان کا صرف دو ہزار ووٹوں سے رہ جانا اصل میں تحریک انصاف کی اخلاقی فتح ہے کیونکہ (ن) لیگ نے ضمنی انتخابات میں وفاقی او رصوبائی اداروں کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری وسائل استعمال کر کے تحریک انصاف کے خلاف الیکشن لڑا ہے لیکن اس کے باوجود وہ ہمیں واضح مارجن سے شکست دینے کے اپنے دعوے درست ثابت نہیں کر سکے۔

عبد العلیم خان نے کہا کہ ہم مکمل ثبوتوں کے ساتھ یہ بات ثابت کریں گے کہ ایک فیکٹری کے سینکڑوں ملازمین کے ووٹ ضمنی انتخابی حلقے میں منتقل کئے گئے ہیں اور یہ فیکٹری کس کی ہے ہم اس حوالے سے بھی تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گے اور پھر اس معاملے پر احتجاج اور دیگر آپشنز استعمال کرنا ہمارا جمہوری حق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو اوکاڑہ اور لاہور میں شکست ہوئی لیکن وہ جشن منا رہے ہیں ۔

مجھے سمجھ نہیں آتی وہ اپنی ہار پر کس لئے جشن منا رہے ہیں ۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ضمنی انتخابات سے دو تین ہفتے قبل (ن ) لیگ کی جانب سے وفاقی اور صوبائی انٹیلی جنس اداروں کے ذریعے میرے حلقے میں سروے کرائے گئے جن میں لوگوں سے ان کے ووٹ دینے کے متعلق مکمل معلومات حاصل کی گئیں اور جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کابتایا ان سے ان کے شناختی کارڈ نمبرز لے کر نادرا کے ذریعے ان کے ووٹ دوسرے علاقوں میں منتقل کئے گئے ہیں اس حوالے سے میرے پاس ایک نہیں بلکہ درجنوں ثبوت اور سروے کرنے والے اہلکاروں کے نام بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو الیکشن کمیشن اور (ن ) لیگ میں مک مکا تھا اور اب نادرا بھی حکومت کے ساتھ مل چکا ہے جس نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ووٹر لسٹوں میں ہیر پھیر کیا ہے ۔