وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے اموراور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں،برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے،تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنرسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں پروگرامز کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور صوبے کے پسماندہ اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں جہاں جدید طرز پر معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار فراہم کیا گیا ہے اور اس پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے اب تک ہزاروں نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا گیا ہے۔ اسی طرح صحت عامہ خصوصاً مدر اینڈ چائلڈ کئیر کے حوالے سے ڈیفڈ کے تعاون سے پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں مزید مستحکم ہوئے ہیں- پنجاب حکومت برطانیہ کے ساتھ سماجی شعبوں کی ترقی کے حوالے سے تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی خواہاں ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جو قابل تعریف ہیں اور وہ انتہائی محنت اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں۔