وزیراعلیٰ پنجاب کی لاہور اور بعض دیگر شہروں میں کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس پرشدید برہمی کا اظہار،متعلقہ حکام کی سخت سرزنش

لوگ بیمار ہوتے رہیں او رمتعلقہ محکمے سوئے رہیں،یہ کسی صورت برادشت نہیں،ہاؤسنگ سکیمیں اور کوآپریٹو سوسائٹیاں بھی کوڑا کرکٹ غیر قانونی سائٹس پر پھینکتی رہیں،لیکن متعلقہ ادارے خواب غفلت میں رہے غیر قانونی سائٹس بیماریوں کی آماجگاہیں ہیں ،عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے انکا فوری خاتمہ متعلقہ ادارو ں کا فرض ہے صوبے کے عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی بارے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے‘ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس پرشدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام کی سخت سرزنش کی ہے اوران غیر قانونی سائٹس میں کوڑا کرکٹ پھینک کرعوام کو بیمار یوں میں مبتلاکرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وہ سول سیکرٹریٹ لاہور میں ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں لاہور اوربعض دیگر شہروں میں کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت بعض دیگر شہروں میں کوڑا کرکٹ کی غیرقانونی سائٹس بنتی رہیں او ر متعلقہ محکمے اورادارے سو ئے رہے اور متعلقہ حکام نے بھی اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں-انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کی جانب سے بھی کوڑا کرکٹ غیر قانونی سائٹس پر پھینکا جا تا رہا لیکن متعلقہ ادارے خواب غفلت میں رہے-وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ کیا ان کے محکمے کی یہ ذمہ داری نہیں تھی کہ وہ کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس کا فوری نوٹس لیتے اورکارروائی عمل میں لاتے۔

(جاری ہے)

اطمینان بخش جواب نہ ملنے پروزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی اورکہا کہ کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس بیماریوں کی آماجگا ہ ہیں ان کا فوری خاتمہ متعلقہ ادارو ں کا فرض ہے-یہ کسی صورت میں برداشت نہیں کہ لوگ بیمار ہوتے رہیں اورمتعلقہ محکمے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں ۔عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے ان غیر قانونی سائٹس کا خاتمہ ضروری ہے ،جس کیلئے متعلقہ محکموں کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا اور کوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں اورمحکموں کوخواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا - وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں اورمحکموں کے درمیان رابطے کے فقدان کا تعین کر نے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی 3روز میں حتمی رپورٹ پیش کرے گی-وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کیلئے نئی سائٹس کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے اور غیر قانونی سائٹس کے خاتمے او روہاں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کے حوالے سے قانون میں اگر کوئی سقم ہے تو اسے دور کیا جائے-اسی طرح ہاؤسنگ سکیموں اور کوآپریٹو سوسائیٹوں کو کوڑا کرکٹ منظور شدہ سائٹس پر پھینکنے کا پابند بنایا جائے ،اس ضمن میں خلاف وزری کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اربوں روپے کمانے والی ہاؤسنگ سکیموں اورکو آپریٹو سوسائیٹوں کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اورکوڑا کرکٹ کی غیر قانونی سائٹس کو بندکرانے کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو فعال انداز میں کام کرناہے۔وزیراعلیٰ نے ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی غیر قانونی سائٹس کے خاتمے کے حوالے سے کیے جانیوالے شارٹ ٹرم اقدامات کو مانیٹر کرے گی-صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک نے چکوال سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سول سیکرٹریٹ سے ایم این اے مہر اشتیاق احمد،خواجہ احمد حسان ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری کوآپریٹو ، سیکرٹری ماحولیات، کمشنر لاہور ڈویژن ،ڈی سی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے او رمتعلقہ حکام شریک ہوئے-