بھارت پانی کے معاملے پر معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، مغرب دوہرے میعار سے کام نہ لے ، سینیٹر رضا ربانی

بھارت کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنا، جائز حق سے محروم کرنا ہے پاکستانی قومی قیادت بھارتی قیادت کے مقابلے میں زیادہ سمجھدار اور ذمہ دار ہے،پانی کے معاملے کے مستقل حل کیلئے حکومت کو عالمی سطح پر آواز اٹھانا ہوگی، چیئرمین سینیٹ کا تقریب سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارت پانی کے معاملے پر بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر ان دریاؤں پر ڈیم بنانے میں مصروف ہے جو پاکستان میں داخل ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنا اور پاکستان کو اس کے جائز حق سے محروم کرنا ہے ۔

انہوں نے اس سلسلے میں حکومت پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر اس مسئلے کو موثر انداز میں اٹھائے تاکہ پاکستان کیساتھ ہونیوالی نا انصافی کا ازالہ کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی ایڈوانسڈ میٹیریلز سے متعلق 14ویں بین الاقوامی سیمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جس کا انعقاد نیشنل سنٹر برائے فز کس میں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ مغرب خصوصاًامریکہ نے بھی دوہرے معیار اپنائے ہوئے ہیں اور پاکستان کیساتھ سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے حوالے سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ نے بھارت کیساتھ تو سول نیو کلیئرمعاہدہ کر لیا ہے تاہم پاکستان کو اس ٹیکنالوجی تک رسائی کیلئے انکار کیا ہے ۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر یہ بات واضح کی کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کی سیاسی قیادت خواہ اسکا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو بھارت کے مقابلے میں زیادہ سمجھدار اور ذمہ دار ہے ۔

انہوں نے امریکہ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے اور پاکستان کیساتھ بھی سول نیوکلیئر معاہدہ کرے۔چیئر مین سینیٹ نے میٹریل ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجا گر کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں سائنس کی بدولت ترقی کے ذریعے ملک میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے اسی شعبے میں ہی تحقیق اور ترقی کر کے آگے پیش رفت کی ہے ۔اس موقع پر سیمپوزیم کے چیئر مین اعجاز احمد مختار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملک کی ترقی میں ایڈوانس میٹیریلز کے کردار پرشرکاء کو آگاہ کیا۔اس پانچ روزہ سیمپوزیم میں قومی ماہرین کے علاوہ بین الاقوامی ماہرین بھی شرکت کر رہے ہیں جس میں اہم امور پر تفصیلی بحث کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :