نالج بیسڈ اکانومی کے فروغ کے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے‘ رانا مشہود

وزیر اعلی کی علم دوستی کی بدولت ہم دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی نظام کامیابی سے چلا رہے ہیں لائبریریاں کسی بھی ملک کے لوگوں کی کتابوں سے محبت کا معیار ہیں ‘ ساؤتھ ایشیئن لائبریریز کانفرنس سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نالج بیسڈ اکانومی کی ترویج کے بغیر ہمارے خطے کے ممالک میں غربت و افلاس ، جہالت اور بے روزگاری کے اندھیرے نہیں چھٹ سکتے ، لاہور نالج پارک کے قیام اور چھ ہزار ہائی سکولوں میں کمپیوٹر لیبز کی تنصیب جیسے اقدامات کا مقصد ملک کو تعلیم اور کارپوریٹ سیکٹر کے امتزاج سے ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کرنا ہے - رانا مشہود احمد خان نے یہ بات یہاں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں منعقدہ ساؤتھ ایشیئن لائبریریز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی - اس موقع پر چیئر مین ایچ ای سی پنجاب ڈاکٹر نظام الدین ، وائس چانسلر لمز یونیورسٹی ڈاکٹر سہیل نقوی اور ڈائریکٹر لمز لائبریری ڈاکٹر رمضان کے علاوہ مختلف لائبریریوں سے آئے ہوئے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی - رانا مشہود احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی نظام چلا رہا ہے جس میں 52 ہزار سے زائد سکول، 3 لاکھ 21 ہزار اساتذہ اور ایک کروڑ سے زائد طالب علم تعلیم حاصل کر رہے ہیں - اس نظام کی موثر مانیٹرنگ اور اسے کامیابی سے چلانے کے لئے محکمہ تعلیم پنجاب نے اوپن ڈاٹ پنجاب ڈاٹ گورنمنٹ ڈاٹ پی کے کے نام سے ایک جامع ویب سائٹ لانچ کی ہے جس میں صوبے کے تمام 52695 سکولوں کا ہر قسم کا ڈیٹا معلوم کیا جا سکتا ہے - پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ کے تحت اس ویب سائٹ کو روزانہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والی فیڈ بیک کے ذریعے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے - رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ لاہور نالج پارک محکمہ تعلیم پنجاب کا ایک ایسا منفرد منصوبہ ہے جو صحیح معنوں میں نہ صرف پنجاب بلکہ ملک کی معیشت کو علم کی بنیاد پر مضبوط اور ٹھوس اساس فراہم کرے گا - لاہور نالج پارک جو 800 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے - اگلے سال اپریل میں اپنے افتتاح کے بعد 5 بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ اپنے شاندار مشن کا آغاز کر رہا ہے -وزیر اعلی پنجاب نے حال ہی میں 21 ارب روپے اس منصوبے کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے- یہ اعلان وزیر اعلی کی علم دوستی اور ایجوکیشن ویژن کا بھی غماز ہے - رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ لائبریریاں کسی بھی ملک کے رہنے والوں کی کتابوں اور علم سے محبت کا بہترین اظہار ثابت ہوتی ہیں - کسی ملک کی علمی ترقی جانچنے کا ایک معیار وہاں لائبریریوں کی تعداد بھی ہے - انہوں نے کہا کہ لائبریریز کے سروس سٹرکچر کے بارے میں اس کانفرنس کے شرکاء جو بھی سفارشات مرتب کریں گے پنجاب حکومت ان کے مطابق فیصلہ کرے گی اور ان سفارشات کی روشنی میں وزیر اعلی کو بھی سمری بنا کر ارسال کی جائے گی - بعد ازاں وزیر تعلیم نے لمز یونیورسٹی کی لائبریری کا دورہ کیا اور وہاں طلبا و طالبات کو فراہم کی گئی سہولیات کو سراہا -