پشاور میں بین الاقوامی معیار کا جیمز سٹون کمپلیکس تعمیر کیا جائے ،شجاع محمد

قیمتی پتھروں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء یقینی بنایا جائے ،صدر خیبرپختونخواچیمبر

پیر 12 اکتوبر 2015 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شجاع محمد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور میں بین الاقوامی معیار کا جیمز سٹون کمپلیکس تعمیر کیا جائے اور قیمتی پتھروں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ جیمز اینڈ جیولری کی صنعت کو ترقی دی جاسکے اور اس شعبے میں ایکسپورٹ کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پشاور میں منعقدہ جیمز اینڈ منرل شو کے آرگنائزر اور مختلف سٹالز کا دورہ کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ شجاع محمد نے پشاور میں ایک طویل عرصے کے بعد قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کی نمائش کے انعقاد کو خیبر پختونخوا کی معیشت کے لئے مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں صنعتی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جس سے قیمتی پتھروں کے شعبے کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈ منرل شو کے انعقاد سے بیرون دنیا کے تاجروں کو ایک مثبت پیغام ملے گا اور خیبر پختونخوا کی معیشت کے حوالے سے سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کے ایکسپورٹ کے فروغ کے لئے موثر اقدامات اٹھائے گا اور اس مقصد کے لئے وفاقی وزیر تجارت کو اہم سفارشات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے جیمز اینڈ منرل شو کے موقع پر لگائے گئے سٹالز کے دورہ کے موقع پر قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی مختلف اقسام کا جائزہ لیا اور منتظمین کو کامیاب شو کے انعقادپر مبارکباد بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :