گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی کی ملاقات

دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم بہت کم ہے جسے بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں ‘ملک رفیق رجوانہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے تجارتی تعلقات سے دونوں کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں ‘گورنر پنجاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قدیم ،تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ملک معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم بہت کم ہے جسے بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کے لیے ضرب عضب کی حمایت کرتی ہے اور ایرانی حکومت اور اس کے عوام اس اہم جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں -انہو ں نے کہا کہ ایران پاک چین اقتصادی راہداری کی مکمل حمایت کرتا ہے جس سے پاکستان کے طول و غرص میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی-انہو ں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی درحقیقت پاکستان کی ترقی ہے اورایران بلوچستان کی ترقی کا حامی ہے-بعد ازاں، تاجروں کے بیس رکنی وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب کی بقاء پاکستان سے وابستہ ہے ، ہماری تمام تر کوششوں کا محور پاکستان کی ترقی ، اس کا استحکام اور خوشحالی ہونا چاہیے -انہو ں نے کہا کہ ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردارہمیشہ سے کلیدی رہا ہے جنہوں نے جمہوریت کے استحکام میں ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے -انہو ں نے کہا کہ وڈہولڈنگ ٹیکس پر تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے لیے ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ ملکی مفاد کے پیش نظر ایسا فیصلہ کیا جائے گا جو سب کے لیے قابل قبول ہو - انہو ں نے کہا کہ احتجاج ہر ایک کا بنیادی حق ہے تاہم احتجاج کے نام پر عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنا کہاں کا انصاف ہے -انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے مال روڈ پر احتجاج روکنے کے لیے باقاعدہ فیصلہ دے رکھاہے جس پر عملدرآمد کرانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی-تاجروں کے وفد نے گورنر پنجاب کو مال روڈ پر احتجاجی سرگرمیوں کے باعث اقتصادی اور انتظامی مسائل کے حوالے سے بتایا اور گورنر پنجاب کی طرف ان مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا -گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں سہیل بٹ ، راجہ حامد ، زاہد میر ، با بر چوہدری ، محمد زاہد ، سہیل ظفر ، ناصر چوہدری ، شکیل احمد اور فاروق آزاد شامل تھے - تاجروں کے وفد نے گورنر پنجاب کو این اے122 میں ایاز صادق کی کامیابی پر مبارکبادبھی دی -