اسلامی یونیورسٹی میں عظیم الشان مسجد و اسلامک سنٹر قائم کیا جائے گا

صدر جامعہ ڈاکٹر الدریویش کا’’اسوہ‘‘ کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا ہے کہ جلد یونیورسٹی میں ایک عظیم الشان مسجد اوراس سے ملحق اسلامک سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے پیر کے روز یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن (اسوا) کے جنرل باڈی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔

ڈاکٹر الدریویش کا کہنا تھا کہ ملازمین کے لیے رہائشی کالونی اور میڈیکل فیکلٹی کا قیام جامعہ کے اولین اہداف میں سے ہے اور اس ضمن میں عملی کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی کے روابط دنیا کی مختلف جامعات سے بڑھانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کئی ایک اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ انہیں کاوشوں کے نتیجہ میں ہی چند روز قبل مصر کی الازہر یونیورسٹی سے 11 نئے اساتذہ اسلامی یونیورسٹی پہنچے ہیں اور اگلے سمسٹر کے آغاز کے بعد مزید اساتذہ جامعہ میں آئیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش نے بتایا کہ جامعہ کے دو طرفہ تعاون کے منصوبوں اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے جلد یونیورسٹی انتظامیہ کی ملاقاتیں کویت اور قطر سمیت کئی ایک ممالک کے اہم عہدیداروں سے متوقع ہیں۔ انہوں نے ملازمین کی جامعہ کی ترقی کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1 تا 16 سکیل کے ملازمین ہی کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج جامعہ ترقی کی منزل پر گامزن ہے۔

اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی کہ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں جبکہ جامعہ کی ترقی میں غیر مشروط تعاون پر اسوہ کے کردار کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسوا کے پلیٹ فارم سے لائے گئے تمام جائز مطالبات کو خوش آمدید کہا جائے گا اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ کے مشیر گلزار احمد خواجہ نے شرکاء پر زور دیا کہ اسلامی یونیورسٹی کی ترقی اور مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی محنتوں کے باعث آج جامعہ کا شمار دنیا کی اہم درسگاہوں میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر الدریویش کی جامعہ کے لیے محبت اور اس کی ترقی کے لیے کاوشوں پر ان کی خدمات کو سراہا۔ قبل ازیں اسوہ کے صدر طارق خان نے اسوہ کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور حاصل کئے گئے اہداف و اعزازات بارے بتایا جبکہ مستقل تعاون پر انہوں نے صدر جامعہ اور انتظامیہ کاشکریہ بھی ادا کیا انہوں نے کہاکہ ملازمین کی فلاح، ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد اور مرکزی ایجنڈا ہے ۔

دوران خطاب انہوں نے ملازمین کی مستقلی اور نچلے سکیل کے پڑھے لکھے ملازمین کو ترقی کے مواقعوں جیسے اقدامات بارے آگاہ کیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر خالد محمود راجا، اسوہ کے سیکرٹری جنرل سردار خان ، ڈینز ، ڈائریکٹرز، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے ممبران ، افیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ممبران اور اسوہ کے ارکین بھی شریک تھے۔ دوران پروگرام صدر جامعہ نے ملازمین میں تحائف اورنقد انعامات بھی تقسیم کیے جبکہ اس موقع پر اسوہ کی جانب سے ڈاکٹر الدریویش ، گلزار احمد خواجہ اور ایسوسی ایشن کے سابق صدر چوہدری محمد نذیر کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔