وسطی ایشیائی ریاستوں نے پاک چین اقتصادی راہداری میں دلچسپی ظاہرکی ہے ، راہدری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی،اس منصوبے کے سلسلے میں کے سلسلے میں بلوچستان میں 502 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے

صدر ممنون حسین کا میڈی ٹرسٹ بنک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 20:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ریاستوں نے پاک چین اقتصادی راہداری سے رابطے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے کیونکہ یہ ریاستیں بھی اس راہداری سے مستفید ہونے کے خواہش مند ہیں،راہدری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں میڈی ٹرسٹ بنک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ یہ خبر مسرت کے ساتھ سنی جائے گی کہ پاک چین اقتصادی راہدرای کے سلسلے میں بلوچستان میں 502 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ پاک چین اقتصادی راہدری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔صدر مملکت نے حکومت پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اقتصادی ٹیم کو شاباش دی کہ اْس نے مشکل حالات میں معیشت کو سنبھالا اور جس کی نشاندہی عالمی مالیاتی ادارے بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس امر کو حوصلہ افزا قرار دیا کہ میڈی بینک کی سرگرمیاں اسلام آباد کے بعد خیبر پختون خوا تک وسیع ہوگئی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو طب و صحت کے میدان میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اہلِ وطن کے ساتھ ساتھ عالمی فلاحی ادارے میڈی بینک کے ساتھ فراخ دلی سے تعاون کریں گے۔ صدر مملکت نے اس امر پر بھی مسرت کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک پاکستانی اس منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی مشن بھی اس کارِ خیر میں شریک ہو جائیں۔ اس نیک کام میں وزارتِ اطلاعات کا بیرونی پبلسٹی ونگ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ میڈی بنک بی آئی ایس پی اور بیت المال سے بھی قریبی رابطہ رکھے تاکہ غریب اور ضرورت مند مریضوں کی امداد کی جاسکے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سول سروسز کی طرف سے اس طرح کے رفاحی ادارے کے قیام کی تعریف کی۔

تقریب کے آخرمیں صدر مملکت ممنون حسین نے میڈی بنک کا افتتاح کیا۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کررہی ہے جس سے 35 لاکھ پاکستانی فوری طور پر مستفید ہوسکیں گے۔ تقریب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں محمد ادریس، کمشنر کراچی شعیب صدیقی اور میڈی بنک کے سرپرست اعلیٰ سید جاوید نثار نے بھی خطاب کیا۔واضح رہے کہ میڈی بنک غریب اور ضرورت مند مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرتا ہے۔