Live Updates

عمران خان مسائل کے حل کے لئے مثبت تجاویز دیں،ا یاز صادق کی جیت ہمارے لئے فخر ہے‘جب غرور ہو تو اﷲ کا بھی ایک نظام ہے ‘ ‘ پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو آگے بڑھنے دیا جائے

و فاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی میڈیا سے گفتگو

پیر 12 اکتوبر 2015 19:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) و فاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سردار ایاز صادق کی جیت ہمارے لئے فخر ہے اور ویسے بھی جب غرور ہو تو اﷲ کا بھی ایک نظام ہے ‘ ‘ عمران خان سے درخواست ہے وہ مسائل کے حل کے لئے مثبت تجاویز دیں ‘ پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو آگے بڑھنے دیں اور لوگوں کے مسائل حل ہونے دیں۔

وہ پیر کو ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے سردار ایاز صادق کو انکی رہائشگاہ پر مبارکباد دینے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوری فیصلے کئے ہیں ۔ نواز شریف نے جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا حالانکہ یہ بہت بڑا رسک تھا اگر اس میں جوڈیشل کمیشن کی طرف سے کوئی بھی ججمنٹ آجاتی تو ہماری حکومت چلی جاتی لیکن نواز شریف کی نیت صاف تھی ۔

(جاری ہے)

دوسرا یہی جمہوری طریقہ کار تھا کہ کچھ لوگ جو دھاندلی دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں اور ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں انکے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد بھی وہی رٹ لگائی رکھی حالانکہ ٹربیونل میں سب کچھ واضح سامنے آ چکا ہے ۔ اس کے علاوہ سردار ایاز صادق کے حوالے سے ٹربیونل کا جو فیصلہ آیا اس کے بعد انکے پاس بہت سے راستے تھے لیکن انہوں نے اور پارٹی نے عوامی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ۔

اگر سردار ایاز صادق ضمنی انتخاب میں ہا رجاتے تو(ن) لیگ کے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے تمام اراکین اسمبلی پر سوالیہ نشان لگ جاتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار ایاز صادق کی جیت ہمارے لئے فخر ہے اور ویسے بھی جب غرور ہو تو اﷲ کا بھی ایک نظام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ مسائل کے حل کے لئے مثبت تجاویز دیں ۔ پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو آگے بڑھنے دیں اور لوگوں کے مسائل حل ہونے دیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :