اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلام آباد کے گرجا گھروں کی سیکورٹی رینجرز کے سپرد کرنے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد کے تمام مسیحی عبادت خانوں میں پولیس کی سیکورٹی برائے نام ہونے سے مسیحی برادری عدم تحفظ کا شکار ہیں‘گرجا گھروں کی سیکورٹی مستقل رینجرز کے سپرد کر کے داخلی راستہ پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں درخواست گزار کی عدالت عالیہ سے استدعا

پیر 12 اکتوبر 2015 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت کے گرجا گھروں کی سیکورٹی رینجرز کے سپرد کرنے سے متعلق درخواست دائر کردی گئی ہے، درخواست گزار یوسف خان پال نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد میں واقع تمام مسیحی عبادت خانوں میں پولیس کی سیکورٹی برائے نام ہے، جس سے مسیحی برادری عدم تحفظ کا شکار ہیں، درخواست میں استدعا کی ہے کہ وفاقی دارلحکومت کے تما م گرجا گھروں کی سیکورٹی مستقل رینجرز کے سپرد کی جائے اورگرجا گھروں کے داخلی راستہ پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں تاکہ مسیحی برادری آرام وسکون سے اپنی عبادت کرسکیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں وزارت داخلہ، چیف کمیشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے واضح رہے کہ اسلام آباد کے بیس سے زائد گرجا گھروں میں مسیحی برادری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے رخ کرتی ہے۔