قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایم کیو ایم کے مستعفی ارکان کے استعفے واپس دیے جائیں

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے متحدہ کے ارکان پارلیمنٹ کے استعفے کی واپسی سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا

پیر 12 اکتوبر 2015 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان قومی اسمبلی وسینٹ کے استعفے واپس لینے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایم کیو ایم کے مستعفی ہونے والے ارکان کے استعفے واپس دیے جائیں تاکہ ہم اپنی جماعت کی ان فورمز پر موثر نمائندگی کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایم کیو ایم کے مستعفی ہونے والے ارکان کے استعفے واپس دیے جائیں تاکہ ہم اپنی جماعت کی ان فورمز پر موثر نمائندگی کر سکیں۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میں اور میرے ساتھیوں نے استعفوں کے ساتھ مستعفی ہونے کی وجوہات تحریر کی تھیں اور اسے ہم نے آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا کیونکہ ہماری کہیں بھی آواز نہیں سنی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ بالآخر وزیراعظم نے ہماری آواز سنتے ہوئے وفاقی وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ساتھ ہمارے بامقصد مذاکرات ہوئے۔کمیٹی نے ہماری شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی اور اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہوا ہے۔ خط میں فاروق ستار نے استعفوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔