پاکستان کی باشعور عوام نے ناچ گانے کی سیاست کو مسترد کر دیا

مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ملک ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے،ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے،جماعت اہل حدیث پاکستان کے رہنماؤں کی نواز شریف اور شہباز شریف کو کامیابی پر مبارکباد

پیر 12 اکتوبر 2015 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر ، مولانا عبدالوحید شاہد، مولانا عبدالوحید روپڑی، مولانا سلمان عادل، شاہد محمود جانباز سمیت دیگر رہنماؤں کی وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مبارکباد۔

جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز اپنے ایک تہنیتی بیان میں کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام نے ناچ گانے کی سیاست کو مسترد کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ملک ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور کوئی بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ذاتی مفادات کی سیاست کو پروان نہیں چڑھا سکتا۔

(جاری ہے)

وطن عزیز میں اسلام دشمنی پر مبنی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوشش کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ انتہائی نازک ترین حالات اور سنگین مسائل سے گھرا پاکستان کسی بھی طرح دھرنا سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے ماضی میں بھی جراتمدانہ فیصلے کرتے ہوئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دیں۔

مسلم لیگ (ن) کے حالیہ دور میں بھی بھارتی جارحیت، کشمیر کے بارے دو ٹوک موقف اختیار کرنا اور ملک میں جاری دہشت گردی کی روک تھام کیلئے عملی کوششیں قابل تحسین ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب میں میاں محمد شہباز شریف کی انتھک محنت اور کوششوں، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، میٹرو بس، اورنج ٹرین سمیت متعدد منصوبے قابل ستائش ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و دینی جماعتیں ملکی استحکام کیلئے مل کر کردار ادا کریں۔