حکومت کی ترجیحات میں دہشت گردی کا خاتمہ،معیشت کی بہتری، توانائی کے منصوبے اور تعلیم شامل ہیں ، بلیغ الرحمن

حکومت اس پر عمل پیر اہوکر وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے آپریشن ضرب عضب ہو یا کراچی میں امن کی بحالی ، حکومت تمام امور پر ملک کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے ہمارے بہادر سپاہی اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں جس کی بدولت آج ہمارے بچے اور مائیں تحفظ کے احساس کے ساتھ جی رہے ہیں،وزیر مملکت برائے تعلیم کا تقریب سے خطاب

پیر 12 اکتوبر 2015 19:08

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و امورِ داخلہ انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں دہشت گردی کا خاتمہ،معیشت کی بہتری، توانائی کے منصوبے اور تعلیم شامل ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر حکومت وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ان چار امور پر توجہ کی بدولت ملکی اور غیر ملکی سطح پر نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوا ہے بلکہ سلامتی اور استحکام بھی نصیب ہواہے۔

آپریشن ضرب عضب ہو یا کراچی میں امن کی بحالی ، حکومت تمام امور پر ملک کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے ہمارے بہادر سپاہی اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں جس کی بدولت آج ہمارے بچے اور مائیں تحفظ کے احساس کے ساتھ جی رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ صبح اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بی اے، بی ایس سی اور بی کام کے سالانہ امتحانات 2015ء کے پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات اور توصیفی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سال2013ء میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 40بلین روپے کی رقم مختص کی اور صرف دو برسوں میں اس رقم کو بڑھا کر دگنا یعنی 80بلین کر دیا گیاہے۔یہ اقدام حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کا بین ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور خطے کی اہم ترین یونیورسٹی ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے علم کی کرنیں بکھیر رہی ہے۔

بحیثیت عوامی نمائندہ اور وزیر اس جامعہ کی ترقی میری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ حال ہی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ850ملین روپے سے زائد کا میگا پراجیکٹ منظور ہوا ہے جو اس یونیورسٹی کی ترقی میں سنگ ِمیل ثابت ہوگا۔اس پراجیکٹ سے فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنس کی نئی عمارت اور 500طلباء کے دو ہاسٹلز تعمیرہوں گے نیزکیمسٹری کی جدید ترین لیبارٹری قائم ہوگی۔

اس کے علاوہ 10فیکلٹی ممبران کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف دیئے جائیں گے۔انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمن نے اسلامیہ یونیورسٹی کی ترقی اور اکیڈمک ایکسیلینس کے نفاذ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ حکومت کوالٹی ایجوکیشن کے نفاذ کے لیے ان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں یونیورسٹی کے تمام شعبوں میں اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں جن کی بدولت یہ یونیورسٹی انتہائی مختصر عرصے میں بہترین مقام حاصل کرلے گی۔

جامعہ میں عرصہ دراز سے سینٹ ، سینڈیکیٹ اور سلیکشن بورڈ کی خالی سیٹوں کو پر کرلیا گیاہے۔46ہزار سے زائد زیر التوا ء درخواستوں کی سکروٹنی ، تحریری امتحان اور انٹرویو زجاری ہیں ۔انتہائی مختصر عرصے میں پانچ سلیکشن بورڈز کا انعقاد ایک اہم کامیابی ہے ۔اسی طرح یونیورسٹی میں ایک لاکھ 47ہزار ڈگریاں رکی ہوئی تھیں جو گورنر پنجاب اور چانسلر عزت مآب رفیق رجوانہ کی خصوصی منظوری کے بعدجاری ہو رہی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے کہا کہ وہ ایسی تحقیق پر یقین رکھتے ہیں جس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے اور کپاس کی تحقیق پر کامیابیاں اسی سلسلے کی اہم کڑی ہیں۔یونیورسٹی کی تمام عمارات کو سپیشل افراد کی نقل و حمل کے لیے آسان بنایا جا رہاہے۔اس مقصد کے لیے وہیل چیئرز کی فراہمی اور لفٹ سسٹم کی تنصیب کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مختلف سکیموں میں حکومت کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی کو ترجیح دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب تک 3044طلباء میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سے مستفید ہوچکے ہیں ۔

7178طلبہ و طالبات میں وزیراعظم فیس واپسی سکیم کے تحت 120ملین روپے کی رقم واپس کی جاچکی ہے۔اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کے قائم کردہ پیف سکالرشپ کے تحت اب تک 1113طلبہ وطالبات 132ملین روپے کے وظائف حاصل کرچکے ہیں۔حال ہی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے بی اے ، بی ایس سی پوزیشن حاصل کرنے والے پانچ طلبہ وطالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے یورپی ممالک کے دورے پر بھیجا گیا جب کہ آئندہ چند روز میں 45پیف سکالرزپنجاب ہاؤس مری میں حکومت ِ پنجاب کے مہمان ہوں گے۔

انہوں نے تقریب میں خصوصی شرکت پر انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمن وزیر مملکت برائے تعلیم و امورِ داخلہ کاشکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے بی اے ، بی ایس سی اور بی کام امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ بی اے میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لیاقت پور کی طالبہ عائشہ مشتاق نے پہلی ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خان پور کی آمنہ خادم نے دوسری اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج دبئی محل روڈ بہاول پور کی حنین محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بی ایس سی میں اقراء کالج صادق آباد کے محمد جہانگیر نے پہلی، منچن آباد کے عمیر علی نے دوسری اور پنجاب کالج رحیم یار خان کی مہوش تنویر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی کام امتحانات میں پنجاب کالج آف کامرس رحیم یار خان کی افضالہ خان نے پہلی ، علامہ اقبال کالج آف کامرس بہاول پور کی کومل نایاب نے دوسری جب کہ پنجاب کالج آف کامرس رحیم یار خان کی فروہ سعید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں معززین شہر ،اساتذہٴ کرام ،انتظامی افسران اور طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔