لاہور اور اوکاڑہ کے حلقوں میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

پیر 12 اکتوبر 2015 18:59

اسلام آباد ۔12 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عوام نے لاہور اور اوکاڑہ کے حلقوں میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999ء کا دن تاریخ کا سیاہ دن تھا،اب 12 اکتوبر 2015ء کے دن جمہوریت مضبوط‘ ادارے ارتقائی منازل طے کر رہے ہیں، آج کے دن آزاد عدلیہ‘ ادارے‘ پارلیمنٹ اور فوج اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ملک اور قوم کا مستقبل روشن ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گزشتہ روز لاہور اور اوکاڑہ کے ضمنی انتخابات میں ووٹرز نے اپنا فیصلہ دے دیا، دونوں حلقوں میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ2013ء کے انتخابات میں این اے 122 کے 53 ہزار ووٹ جعلی ڈالے گئے، اب وہ ووٹ کہاں ہیں، ان کا الزام سراسر جھوٹ تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کو پچھلے الیکشن اور موجودہ ضمنی انتخابات میں اس تناسب سے ووٹ ملے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں دو شخص ایسے ہیں جو انہیں انتخابات میں کامیابی کا یقین دلاتے تھے، اب ان کی نظر بحیرہ عرب پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ڈی چوک میں 120 دن کے دھرنے میں ہماری مدد سے یہاں بیٹھی رہی ہے۔