گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ایک ہری پور نے آئی ایس اے ایوارڈ حاصل کر کے خیبر پختونخوا میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا

پیر 12 اکتوبر 2015 18:59

ہری پور۔ 12 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ایک ہری پور نے آئی ایس اے ایوارڈ حاصل کر کے خیبر پختونخوا میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا، اساتذہ کے حلقوں نے آئی ایس اے ایوارڈ کے حصول پر انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر برٹش کونسل فواد حسین کو خراج تحسین پیش کیا، فواد حسین نے انٹرنیشنل سکول ایوارڈ حاصل کر کے ضلع ہری پور کا نام ملک بھر میں روشن کر دیا۔

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک ہری پور خیبر پختونخوا کا پہلا ہائیر سیکنڈری سکول ہے جس نے تعلیم کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کیا ہے۔ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک ہری پور کے ایس ایس ٹی سائنس فواد حسین کی بحیثیت انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر ناقابل فراموش خدمات کو سراہتے ہوئے برٹش کونسل نے انہیں تعلیم کے سب سے بڑے اعزاز انٹرنیشنل سکول ایوارڈ سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔ اس موقع پر برٹش کونسل کے پروگرام ڈائریکٹر مسٹر جم یوتھ، چیف پلاننگ آفیسر کے پی پی ادریس خان، محکمہ تعلیم کے افسران، ماہرین تعلیم اور برٹش کونسل کے اہم عہدیداران بھی موجود تھے۔ برٹش کونسل کی طرف سے ضلع ہری پور کی معیاری تعلیمی درس گاہ گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائیر سیکنڈری سکول ہری پور کے پرنسپل نادر زمان کو انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کی شیلڈ دی گئی۔

مذکورہ سکول خیبر پختونخوا کا پہلا ہائیر سیکنڈی سکول ہے جس نے آئی ایس اے ایوارڈ حاصل کیا ہے جبکہ گورنمنٹ گرلز سینٹینیل ہائی سکول نواں شہر ایبٹ آباد نے بھی آئی ایس اے ایوارڈ حاصل کر کے صوبہ بھر میں لڑکیوں کا پہلا ہائی سکول ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو ہزارہ ڈویژن کا منفرد اور تاریخی ریکارڈ ہے۔ فواد حسین نے ایوارڈ دینے کی تقریب میں سکول کے ٹیچر احمد سلطان اور طلباء عتیق الرحمن اوریاسر شہزاد کی معاونت سے سٹال بھی لگایا جو برٹش کونسل اور ملک بھر سے آنے والے ماہرین تعلیم اور بچوں کی توجہ کو مرکز رہا۔

اس موقع پر فواد حسین نے مہمانوں کو بریفنگ میں بتایا کہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر1 ہری پور کا تاریخی تعلیمی ادارہ ہے جو تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں میں پاکستان میں نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔