توانائی بحران اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے برآمدات متاثر ہوئیں‘ شیخ آفتاب احمد

پیر 12 اکتوبر 2015 18:57

اسلام آباد ۔12 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے برآمدات متاثر ہوئیں‘ رواں سال برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں‘ حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک بڑا پیکج دیا ہے‘ اس پیکج کو رکوانے والے اپنی درخواست واپس لے لیں‘یہ کسی ایک حلقے‘ صوبے یا علاقے کے لئے پیکج نہیں پورے ملک کے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر اعظم سواتی کی برآمدات سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں چاول اور کپاس کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے برآمد میں مشکلات ہوئیں۔ توانائی کے بحران کے باعث صنعتیں بند ہوچکی تھیں لیکن موجودہ حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام شروع کیا ہے جس سے صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی تو برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں بھی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتیں کم ہونے سے کسان بھی بحران کا شکار تھے لیکن موجودہ حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک بڑا پیکج دیا ہے لیکن بدقسمتی سے اس پیکج پر عمل رکوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ جتنا عرصہ پیکج پر عملدرآمد میں تاخیر ہوگی اس سے کسانوں کو اور نقصا ہوگا اس لئے پیکج چیلنج کرنے والوں کو اپنی درخواست واپس لے لینی چاہیے تاکہ کسانوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پر امیر نہیں غریب سفر کرتے ہیں‘ موجودہ حکومت غریبوں کو مزید سہولیات بھی دے گی۔

متعلقہ عنوان :