فاروق ستار نے استعفے واپس لینے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا

اپنی جماعت کی فورمز پر نمائندگی کیلئے ارکان کے استعفے واپس دیئے جائیں، رہنماء ایم کیو ایم

پیر 12 اکتوبر 2015 18:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ واپس لینے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق ا سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے ایم کیو ایم کے مستعفی ہونے والے ارکان کے استعفے واپس دیے جائیں تاکہ ہم اپنی جماعت کی ان فورمز پر موثر نمائندگی کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میں اور میرے ساتھیوں نے استعفوں کے ساتھ مستعفی ہونے کی وجوہات تحریر کی تھیں اور اسے ہم نے آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا کیونکہ ہماری کہیں بھی آواز نہیں سنی جا رہی تھی۔خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ بالآخر وزیراعظم نے ہماری آواز سنتے ہوئے وفاقی وزراپر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ساتھ ہمارے بامقصد مذاکرات ہوئے۔کمیٹی نے ہماری شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی اور اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہوا ہے۔ خط میں فاروق ستار نے استعفوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔