شامی اپوزیشن پرداغے گئے روسی میزائل ایران میں گرنے کا اعتراف

میزائل ہمسایہ ملک آذربائیجان میں بھی گرے ،کئی مکانات کو نقصان پہنچا،روس کی تردید

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 19:06

شامی اپوزیشن پرداغے گئے روسی میزائل ایران میں گرنے کا اعتراف

ماسکو/تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) ایرانی حکام نے روس کی جانب سے شام میں اپوزیشن کے مراکز پر داغے گئے میزائل بحر قزوین عبور کرتے ہوئے ایران کے اندر گرنے کی خبروں کی تصدیق کی ہے تاہم روس کی وزارت خارجہ نے اس کی تردیدکرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا کچھ نہیں ہواہے،ایرانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق ایک حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ دو روز قبل روس کے داغے گئے میزائل بحرقزوین پار کرتے ہوئے شمال مغربی ضلع کے اندر جا گرے تھے۔

تاہم روسی حکام نے ان خبروں کی تردید کی ہے مگر امریکا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج کی جانب سے شام کے اندر داغے گئے میزائل اپنے ہدف کی طرف بڑھنے کے بجائے ایران کی سرزمین کے اندر جا پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

ایرانی خبر رساں ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی ضلع آذر بائیجان میں ایک طیارہ نما #میزائل کو گرتے دیکھا گیا ہے۔ آذر بائیجان میں گر کر پھٹنے والے میزائل سے ایک مکان کو نقصان پہنچا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

آذربائیجان کے ایک ضلعی عہدیدار ایرج ثقفی نے بتایا کہ شہر سے35 کلو میٹر دور قزقابان کے مقام پر کم سے کم ایک میزائل گرا جس کے دھماکے اور چھروں سے قرب وجوار کے مکانات کو نقصان پہنچا۔ گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔