متحدہ جہاد کونسل کا 27اکتوبر کو ریاست جموں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 15:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء)متحدہ جہاد کونسل جموں و کشمیر نے 27اکتوبر کو ریاست جموں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ،یوم سیاہ منانے کے لئے جہاد کونسل کی منتظم کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی تمام سیاسی ، مذہبی، دینی، تاجر ، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی سے رابطے کر کر یوم سیاہ کی تقریب کو بھرپو انداز میں منانے کے لئے رابطہ مہم کا آغاز کرئے گی۔

اور اس دن اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ کشمیر سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جدجہد آزادی جاری رکھی جائے گی۔ 27اکتوبر کے یوم سیاہ کے سلسلہ میں متحدہ جہاد کونسل کی منتظمہ کمیٹی کا اجلاس دارالحکومت مظفرآباد میں مفتی محمداصغر کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں دیگر ممبران چوہدری کامران، جان محمد، محمد اصغر رسول، عتیق الرحمان دانش ، سیف اللہ اور دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27اکتوبر کوریاست جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف بھرپور انداز میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ یوام سیاہ کے سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہو گی۔ جس میں تمام مکتب فکر کے افراد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اور اس دن اس عزم کی تجدید کی جائے گی کہ کشمیر عوام اور جہاد کونسل مقبوضہ کشمیر سے بھارتی غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جدجہد جاری رکھیں گے۔

اور وطن کی آزادی کی لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ منتظمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران مفتی محمداصغر اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ ہندوستان نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور بھارت پر یہ واضح کرنا ہے کہ کشمیری بھارت کی جبری غلامی سے آزادی تک جدجہد جاری رکھیں گے اور آزادی کی منزل کے حصول تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر فوجی طاقت کے ذریعہ غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے جس کے خلاف کشمیر برسر پیکار ہیں ۔ بھارت نے اقوام عالم سے کشمیریوں کو حق کودارادیت دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ اور اس وعدے پر عمل درآمد نہیں کر رہا ۔ اقوام عالم کی ذمہ داری اور فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت کو مجبور کرے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کا امن خطرے سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان اور سپہ سالار پاکستان نے کشمیر پر جاندار اور دو ٹوک موقف اختیار کر کے کشمیر یوں کے جذبہ حریت کو جلا بخشی ہے۔ پاکستان کے دو ٹوک موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔