انتفاضہ القدس کا9واں روز، شہید فلسطینیوں کی تعداد 15 ہوگئی، 1 ہزار سے زائد زخمی، سینکڑوں کو گرفتار کرلیا گیا

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 11:57

غزہ/غرب اردن/ مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء)اسرائیلی فوج نے منظم ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں گزشتہ روز مزید 7فلسطینیوں کو شہید ، سینکڑوں اور زخمی اور کئی کو گرفتار کرلیا ۔غزہ کی پٹی، غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت شمالی اور جنوبی فلسطین میں بھی صہیونی ریاست کیخلاف فلسطینیوں کا احتجاج جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 7 فلسطینی شہید اور 123 زخمی ہوئے جبکہ بیسیوں فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں دو احتجاجی ریلیوں پر قابض فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور 60 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 10 کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔غزہ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی غزہ اور خان یونس میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 6فلسطینی شہید اور 20زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتے کو علی الصباح بیت المقدس میں شعفاط کے مقام پر اسرائیلی فوج کے کارروائی میں ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کیا گیا۔غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹراشرف قدرہ کا کہنا ہے کہ دو مقامات پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکالی گئی ریلیوں پر قابض فوج کی فائرنگ سے 60 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 10 کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے جاری کشیدگی کے دوران اسرائیلی فوج کے وحشیانہ طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی ہے۔