شیخوپورہ میں پولیس مقابلے میں القاعدہ کے 5 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 11:13

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء ) شیخوپورہ کی خان پور نہر کے قریب سی ٹی ڈی پولیس کے ساتھ مقابلے میں القاعدہ کے 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ اسلحہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کاشف کو ریکوری کے لئے لاہور سے شیخوپورہ لے جایا جا رہا تھا کہ خان پور نہر کے قریب ریلوے کراسنگ کے پاس 4 موٹر سائیکلوں پر سوار 7 سے 8 دہشت گردوں نے کاشف کو چھڑانے کے لئے پولیس نفری پر حملہ کردیا، جوابی کارروائی میں کاشف اور اس کے 4 ساتھی ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، پستول اور اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا۔ لاشوں کو شناخت کے لئے ڈی ایچ کیو شیخوپورہ منتقل کردیا گیا۔ کاشف پنجاب میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا اور اس کے ساتھیوں نے محرم الحرام پر شیخوپورہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت کالا قاری اور کاشف عرف کاشی کے ناموں سے کر لی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کالا قاری چیف سرجن بریگیڈیر مشتاق، سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی اور روات اور ترنول کے قریب نیٹو گاڑیوں پر حملے سمیت پاکستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات میں ملوث تھا۔ ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دی گئی ۔