Live Updates

صوبے میں پی ٹی آئی کے برسراقتدارآنے سے قبل اندھیر نگری چوپٹ راج تھا ، آوے کاآوا ہی بگڑاہواتھا ،کسی نے نظام ٹھیک کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی، غریب کاکوئیپرسان حال نہیں تھا،ہم نے غریب کوانصاف اوراسکا حق دلانے ،اچھی طرز حکمرانی متعارف کرانے اورمحکموں واداروں کی سمت درست کرنے کے لئے قانون سازی میں دو سال صرف کئے،انشاء اﷲ اپنی آئینی مدت پوری کرنے تک ترقیافتہ ممالک کی طرز گڈگورننس کا حقیقی نظام دے دیں گے جس سے صوبے کے عوام خصوصاً نچلے اور غریب طبقے کو اپنے حقوق اور انصاف خود بخود میسر ہو گا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک کا عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کہاہے کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے برسراقتدارآنے سے قبل اندھیر نگری چوپٹ راج تھا ، آوے کاآوا ہی بگڑاہواتھا اورکسی نے نظام ٹھیک کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی ۔کوئی غریب کاپرسان حال نہیں تھا۔ہم نے غریب کوانصاف اوراسکا حق دلانے ،اچھی طرز حکمرانی متعارف کرانے اورمحکموں واداروں کی سمت درست کرنے کے لئے قانون سازی میں دو سال صرف کئے ۔

انشاء اﷲ اپنی آئینی مدت پوری کرنے تک ترقیافتہ ممالک کی طرز گڈگورننس کا حقیقی نظام دے دیں گے جس سے صوبے کے عوام خصوصاً نچلے اور غریب طبقے کو اپنے حقوق اور انصاف خود بخود میسر ہو گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شکردرہ کوہاٹ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کااہتمام صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی،مشیر کھیل امجد آفریدی اراکین صوبائی اسمبلی ضیاء اﷲ بنگش اور گل صاحب خان خٹک بھی موجود تھے۔

تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی نے وزیر اعلیٰ کو روایتی پگڑی پہنائی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو نظام کی تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر ووٹ دیاتھا اور انشاء اﷲ عوام سے کیا گیا یہ وعدہ پوراکرکے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ اداروں کی بہتری پر تیزی سے کام ہورہا ہے پولیس کو مکمل طورپرغیر سیاسی کرکے تھانہ کلچرکو تبدیل کرکے عوامی خواہشات کے مطابق اعلیٰ ترین خدمات کے قابل بنا دیا ہے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے مانیٹرینگ کانظام وضع کیا گیاہے اوراساتذہ سے صرف غیرحاضری پر8 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ دوماہ میں ڈاکٹروں کے لئے بھی ایساہی نظام متعارف کرائیں گے اور ہسپتالوں میں ان کی حاضری یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سفارش اوررشوت کا دور گزرگیاہے اب صرف میرٹ کادور دورہ ہوگا اور بھرتی میرٹ پر ہوگی اور اس کی ابتدا ہم نے اپنے آپ سے کی ہے ۔پر ویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے غریب کے بچوں کے بہترمستقبل کیلئے سرکاری سکولوں میں کلاس ون سے انگلش میڈیم کاآغاز کردیاہے اور اگلے دس سال میں سرکاری سکولوں سے نکلنے والے بچے امیروں کے بچوں کے ہم پلہ ہوں گے۔

انہوں نے خبردارکیا کہ صوبے میں نکمے ، کام چوراورراشی اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں وہ خود بخود ٹھیک ہوجائیں ورنہ عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ترقی سڑکوں یاعمارتوں کی تعمیرسے نہیں آتی بلکہ نظام کی تبدیلی اور عوام کو اُنکے حقوق اور انصاف کی فراہمی پر مبنی نظام کی تبدیلی سے آتی ہے اور ترقیافتہ ممالک کی ترقی کاراز بھی بہتر نظام اوراچھی طرز حکمرانی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب پرائمری سکول میں ماضی کے دو کمروں اور دو اساتذہ کی بجائے چھ کمرے اور چھ اساتذہ ہوں گے ۔صوبے میں25 ہزار اساتذہ کی کمی ہے 10 ہزار اساتذہ اس سال این ٹی ایس ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کئے جائیں گے جبکہ اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے لئے چوتھی اورچھٹی کے امتحانات بھی بورڈ کے ذریعے ہوں گے ۔وزیر قانون امتیاز شاہد کی جانب سے پیش کردہ سپاسنامے کاذکرکرتے ہوئے پرویز خٹک نے تڑلی پل کیلئے 25 کروڑ روپے ،شکردرہ کے لئے ایک ڈگری کالج ،پی کے 39 کے لئے دو ہائی ،دو مڈل،دوپرائمری اور ایک ہائیرسیکنڈری سکول،شکردرہ کے لئے دریائے سندھ سے پینے کے پانی کی فراہمی کی فزیبلٹی کیلئے 70 لاکھ روپے ،آر ایچ سی تعمیرکرنے ، شکردرہ ہسپتال کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے ، شکردرہ کڑپہ روڈ کی تعمیرکے لئے سروے اور شکردرہ کے لئے 1122 ریسکیوسروس کا اعلان کیا۔

انہوں نے پلاننگ کمیشن اور سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری کے بعدشکردرہ میں گریڈ سٹیشن اور جرمہ اورچمبئی کے لوگوں کومالکانہ حقوق دینے کیلئے انتقالات تصدیق کروانے کے لئے مزید مہلت دینے کا بھی اعلان کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات