Live Updates

لاہوریوں کی آنکھوں میں 11اکتوبر کا فیصلہ دیکھ لیا ،جنون کا مقابلہ اس جماعت سے ہے جس کا سورج غروب ہو رہا ہے‘ عمران خان

پنجاب پولیس (ن) لیگ کا عسکری ونگ ہے ،نواز شریف نے درباریوں سے میرے اوپر گھٹیا الزامات لگوائے ،ہمت ہے تو سامنے آ کر بات کرو کہا گیا عمران خان غدار ہے ،قوم عمران خان کو 40سال سے جانتی ہے جس نے دنیا بھر کے میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا غدار تو وہ ہیں جنہوں نے اربوں روپے پاکستان سے چوری کئے اور کاروبار باہر کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے عوام سے فنڈنگ کی نواز شریف قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا آپ نے انتخابات لڑنے کیلئے گلف کے ممالک سے پیسے نہیں لئے ،شیخ رشید اس کا گواہ ہے پی ٹی آئی کے سربراہ کا قرطبہ چوک میں این اے 122کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 23:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہوریوں کی آنکھوں میں دیکھ لیا ہے وہ 11اکتوبر کیلئے اپنا فیصلہ کر چکے ہیں ،جس طرح ایم کیو ایم میں عسکری ونگ ہے اسی طرح پنجاب پولیس (ن) لیگ کا عسکری ونگ ہے ،جنون کا مقابلہ اس جماعت سے ہورہا ہے جس کا سورج غروب ہو رہا ہے ،نواز شریف نے درباری بھی عقلمند کی بجائے بیوقوف چنے ہیں جن سے میرے اوپر گھٹیا الزامات لگوائے جارہے ہیں، اگر نواز شریف شیر ہو تو جرات پیدا کر کے میرے سامنے آ کر بات کرو ،کہا گیا عمران خان غدار ہے لیکن یہ قوم عمران خان کو 40سال سے جانتی ہے جس نے دنیا بھر کے میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا ، غدار تو وہ ہیں جنہوں نے اربوں روپے پاکستان سے چوری کئے اور کاروبار باہر کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے عوام سے فنڈنگ کی اور اس کا سارا ریکارڈ ویب سائٹس پر موجود ہیں آپ قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا آپ نے انتخابات لڑنے کے لئے گلف کے ممالک سے پیسے نہیں لئے اور شیخ رشید اس کا گواہ ہے ،میں کسی سے نہیں کہلواتا بلکہ خود کہتا ہوں کہ نواز شریف ملک کے کرپٹ ترین آدمی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قرطبہ چوک مزنگ میں این اے 122کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شیخ رشید ،شاہ محمود قریشی ، جہانگیر خان ترین ، چوہدری محمد سرور ،عبد العلیم خان ، شعیب صدیقی ، جمشید اقبال چیمہ ، میاں اسلم اقبال او ردیگر بھی موجود تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ لاہور کے شہریوں آپ نے میرا دل خوش کر دیا ہے ۔

کوئی شخص مجمع تو اکٹھا کر سکتا ہے لیکن اس طرح کا جنون پیدا نہیں ہو سکتا ۔ جنون کا مقابلہ اس جماعت سے ہونے جارہا ہے جس کا سورج غروب ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے سمجھا تھا کہ اپنی حکومت ہے ، اپنی پولیس اور سرکاری ادارے ہیں لاہور کا ضمنی انتخاب آرام سے جیت جائیں گے لیکن اب انکی آنکھیں کھل گئی ہیں۔ لودھراں میں برے حالات ہونے پر دم دبا کر بھاگ گئے اور حکم امتناعی کے پیچھے چھپ گئے ۔

جس طرح ایم کیو ایم میں خوفناک عسکری ونگ ہے اسی طرح پنجاب پولیس (ن) لیگ کاعسکری ونگ ہے جس سے لوگوں پر تشدد کرایا جاتا ہے اور ہمارے بھی دو کارکنوں کو شہید کرایا گیا ۔لیکن ان کو نہیں معلوم تھاکہ علیم خان ہمارا خفیہ ہتھیار تھا ۔ علیم خان پر الزام لگایا گیا کہ قبضہ گروپ ہے لیکن میں کہتا ہوں(ن) لیگ ساری کی ساری قبضہ گروپ ہے جس نے 2013ء میں دھاندلی کے ذریعے پورے ملک پر قبضہ کیا ۔

ہاں علیم خان نے عوام کے دلوں پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں، نوجوانوں ، بہنوں سے ایک درخواست ہے کہ پوری کوشش کریں او ردھاندلی کو روکیں کیونکہ (ن) لیگ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی ۔ میں لاہور یوں کی آنکھوں میں دیکھ رہا ہوں کہ وہ فیصلہ کر بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف آپ سے مخاطب ہوں ۔ آپ نے درباری بھی عقلمند چننے کی بجائے بیوقوف چنے ہیں اور ان سے میرے اوپر گھٹیا الزامات لگوا رہے ہو ۔

گیڈر کی طرح کیوں حرکتیں کرتے ہو اور انکے پیچھے چھپتے ہوئے ۔ درباریوں سے کہلوایا گیا کہ عمران خان غدار ہے ، غدار وہ ہوتا ہے جو ملک سے بے وفائی کرے ۔ قوم عمران خان کو 40سال سے جانتی ہے کہ میں نے بیرون ممالک کے میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند کیا ۔ میاں صاحب درباریوں سے کہلوانا بند کرو اگر دل گردہ ہے تو سامنے آکر بات کرو اور سامنا کرو ۔

آپ کی جماعت میں کوئی سیاستدان ہے جو جرات کر کے آپ سے پوچھے کہ آپ کے پاس برطانیہ میں 200ارب روپے کہاں سے آئے ۔ (ن) لیگ والوں اﷲ کو جوابد ہ ہو ، رائے ونڈ کوجوابدہ نہیں ۔ کیا کوئی کارکن نواز شریف سے پوچھ سکتا ہے کہ آپ اربوں روپے ملک سے کیسے باہر لے گئے ، کسی میں جرات ہے کہ نواز شریف سے پوچھے تم وزیر اعظم پاکستان کے ہو اور تمہارا پیسہ بیرون ملک پڑا ہوا ہے ۔

میں نے 18سال بیرون ممالک کمائی کی لیکن آج تک میرا ایک روپیہ بھی بیرون ملک نہیں۔ میں برا وقت آنے پر آپ کی طرح دم دبا کر لندن یا جدہ نہیں بھاگ جاؤں نہیں گا میری پاس باہر کوئی جگہ نہیں ، میری کوئی انشورنس پالیسی نہیں ۔ آپ اس ملک کو قرضوں میں ڈبو رہے ہو اور ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں ۔ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان میں ہوگا اور ایسا شخص پاکستان سے کیسے غداری کر سکتا ہے لیکن جو یہاں سے چوری کر کے پیسہ باہر لے جائے اور محل بناتے ہیں وہ غدار ہیں۔

آپ کا بیٹا لندن میں700کروڑ کے گھر میں رہتا ہے ۔ میرا پیسہ میرے کسی بیٹے کے نام پر نہیں جو چوری کے پیسے کے باہر بزنس کریں لیکن آپ کے بیٹے چوری کے پیسے سے باہر بزنس کر رہے ہیں۔ کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کہاں سے آتی ہے۔ ہماری جماعت پہلی سیاسی پارٹی ہے جس نے فنڈ ریزنگ کر کے پیسے اکٹھے کئے ہم نے عوام سے پیسہ اکٹھا کیا اور اس کا آڈٹ کراتے ہیں او رویب سائٹس پر اس کی ساری تفصیلات موجود ہیں۔

آپ بتائیں (ن) لیگ نے کہاں سے پیسے اکٹھے کئے ۔ آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل اسد درانی کا بیان حلفی موجود ہے جو انہوں نے 1990ء میں سپریم کورٹ میں جمع کرایا اس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے مہران بینک 35لاکھ روپے نواز شریف کو دئیے ۔ سپریم کورٹ میں اصغر خان کا کیس پڑا ہوا ہے میں بڑے ادب سے سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ کیوں اس کیس کو نہیں سنا جارہا ۔

خالد خواجہ کا بھی بیان حلفی موجود ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن نے 1989 ء میں بینظیر کی حکومت گرانے کیلئے پیسے دئیے لیکن یہ تحریک عدم اس لئے کامیاب نہ ہو سکی کیونکہ اس میں سے نواز شریف نے آدھے پیسے اپنی جیب میں میں ڈال لئے تھے ۔ نواز شریف قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا انہوں نے انتخابات کے لئے گلف کے ممالک سے پیسے نہیں لئے او رشیخ رشید اس کے گواہ ہیں ۔

نواز شریف نے اقتدارمیں آتے ہی 480ارب روپے سر کلر ڈیٹ کی مد میں دئیے ۔ بتایا جائے اس میں سے کتنا پیسہ ان ٹائیکونز کو دیا گیا جنہوں نے اربوں روپے آپ کی انتخابی مہم پر خرچ کئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میں شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین یا علیم خان سے نہیں کہلوا تا خود کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی ہیں ۔ وکی پیڈیا پر موجود ہے کہ نواز شریف 140ارب کے اثاثوں کے مالک ہیں لیکن آپ نے 94سے 96ء کے درمیان صرف 477روپے ٹیکس دیا اسی طرح 2008ء میں صرف پانچ ہزار روپے ٹیکس دیا گیا ۔

میں پاکستانی ٹیکس پیئر ہوں میں پوچھ سکتا ہوں ، اسحاق ڈار جواب دو آپ آج سے پچیس سال قبل موٹر سائیکل اور سکوٹر پر پھرتے تھے آج آپ کے بیٹوں کے دبئی میں 130ارب روپے کے ٹاور ہیں ۔ ایمریٹس ہل میں آپ کا ڈیڑھ ارب روپے کا گھر ہے ،پیسہ یہاں سے چوری کرو اور ہنڈی کے ذریعے باہر لے جاؤ اور وہاں کاروبار کرو یہ غداری ہے ۔ آپ کے بچے پاکستان میں کیوں کاروبار نہیں کرتے ۔

لوگوں کو کہتے ہو کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرو او رآپ کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے ۔ میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ دو سالوں میں پاکستان میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ۔ بنگلہ دیش آج ہم سے آگے نکل گیا ہے اس کی ایکسپورٹ 30ارب ڈالر ہے جبکہ ہماری ایکسپورٹ 25ارب ڈالر ہیں ۔ بنگلہ دیش کے ذخائر 30ارب ڈالر تک جا پہنچے ہیں جبکہ ہمار ے 20ارب ڈالر ہیں ۔

جب بنگلہ دیش علیحدہ ہوا تھا تو اس وقت غریب ترین ملک تھا جبکہ پاکستان امیر ترین ملک تھا ۔ جو یہ کہتے تھے کہ بنگلہ دیش ہمارے اوپر بوجھ بنا ہوا ہے وہ آج ہم سے آگے نکل گیا ہے کیونکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی کارکن نواز شریف سے پوچھ سکتا ہے کہ آپ کے اثاثے کتنے ہیں اور آپ کتنا ٹیکس دیتے ہیں ۔ لیکن مجھ سے میری جماعت کا کوئی بھی کارکن پوچھ سکتا ہے کیونکہ میں جمہوری لیڈر ہوں جبکہ نواز شریف مغل اعظم اور بادشاہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی ممالک نے ترقی کی انہوں نے پہلے اپنی عوام پر خرچ کیا ،انہوں نے تعلیم، صحت اور انصاف کا نظام بہتر کیا جب عوام پر خرچ کیا جائے تو وہ خود ہی میٹر و بنا لیتے ہیں لیکن یہاں بڑے بڑے پراجیکٹس صرف اپنی کمیشن کیلئے شروع کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ میں انقلابی تبدیلیاں لے کر آئے ہیں۔ ہم نے سب سے پہلے پولیس کو ٹھیک کیا ،پنجاب میں بھی پولیس کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے انہیں گلوؤں سے نکالیں گے ۔

پولیس کی تنخواہیں بڑھائیں گے انہیں تربیت دیں گے جو عوام کی حفاظت کرے گی ان سے ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات نہیں کرائیں گے۔ خیبر پختوانخواہ میں سب سے زیادہ تعلیم پر خرچ کیا جارہا ہے ،خیبر پختوانخواہ کی طرح یہاں بھی بلدیاتی نظام لائیں گے اور اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نیا دور شروع ہو رہا ہے ۔ انشا اﷲ ایسا نظام لائیں گے جس سے قوم کو سبز پاسپورٹ پر فخر ہوگا اورلوگ نوکریاں ڈھونڈنے پاکستان آئیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات