کراچی: مختلف علاقوں میں والدین کا بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار

جمعہ 9 اکتوبر 2015 23:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) کراچی میں انسداد پولیو مہم کے دوران مختلف علاقوں میں والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ حکام کے مطابق بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کو جیل بھیج دیں گے۔کراچی کے 6 اضلاع کی 80 یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم کے تیسرے دن پولیو ورکرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بن قاسم ٹاؤن کی یو سی 7 پٹھان کالونی میں تین دن کے دوران 40 سے زائد والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا جبکہ صدر ٹاؤن کے علاقے ہجرت کالونی میں بھی 33 گھروں سے پولیو ورکرز بچوں کو قطرے پلائے بغیر واپس چلے گئے۔ پولیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ بعض گھروں میں انہیں انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں بہت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

گلشن اقبال کے علاقے میں بھی والدین کی جانب سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے انکار کے واقعات ہوئے۔

ضلع شرقی کے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ انکار کرنے والے والدین کو ہر صورت میں منانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ جن والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے انہیں جیل بھیج دیں گے۔اس سے قبل انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز پر حملوں کے متعدد واقعات کے باجود بھی اس بار پولیو ورکرز کو مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی اور پولیو ورکرز کئی حساس علاقوں میں سکیورٹی کے بغیر کام کرتی رہیں۔

متعلقہ عنوان :