پی آئی اے بعد از حج آپریشن،سعودی عرب سے حج پروازیں بروقت روانہ ہو رہی ہیں

حج آپریشن کے 13ویں روز تک 62 خصوصی حج پروازوں کے ذریعے تقریباً 20 ہزار حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) پی آئی اے بعد از حج آپریشن کے دوران سعودی عرب سے حج پروازیں بروقت روانہ ہو رہی ہیں ۔ جمعہ کو حج آپریشن کے 13ویں روز تک 62 خصوصی حج پروازوں کے ذریعے تقریباً 20 ہزار حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔ پی آئی اے نے کراچی کیلئے 13 حج پروازوں کے ذریعے 4,443 ، لاہور کیلئے 14 پروازوں کے ذریعے 5,070 ، اسلام آباد کیلئے8 پروازوں کے ذریعے2,728 ، پشاور کیلئے9 پروازوں کے ذریعے2,839 ، کوئٹہ کیلئے11 پروازوں کے ذریعے2,277 اور ملتان کیلئے 7 پروازوں کے ذریعے2,303 حجاج کرام کو واپس پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پی آئی اے کی معمول کی پروازوں کے ذریعے بھی حجاج کرام واپس پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔ پی آئی اے کی پروازیں اپنے مقررہ وقت پر پاکستان پہنچ رہی ہیں جبکہ بیشتر پروازیں اپنے وقت سے پہلے روانہ ہو رہی ہیں۔پی آئی اے کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور کسٹمرز سروسز خرم مشتاق نے بعد از حج آپریشن کو کامیابی سے جاری رکھنے پر پی آئی اے کی حج ٹیم کے ارکان کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ باقی ماندہ حج آپریشن بھی اسی جوش اور جذبے سے مکمل کیا جائے اور حجاج کو سہولیات فراہم کرنے میں ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 28 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گا۔

متعلقہ عنوان :