چلڈرن ہسپتال کے تعمیراتی منصوبے کا دوسرا بلاک آئندہ دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا،نورالامین مینگل

دوسرے مرحلے کے منصوبے کیلئے ڈرائنگ اورتخمینہ جات عنقریب تیار ہوجائیں گے،ڈی سی او فیصل آباد

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) چلڈرن ہسپتال کے تعمیراتی منصوبے کا دوسرا بلاک آئندہ دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گاجبکہ دوسرے مرحلے کے منصوبے کیلئے ڈرائنگ اورتخمینہ جات عنقریب تیار ہوجائیں گے۔یہ بات ڈی سی اونورالامین مینگل کو چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران بتائی گئی۔ای ڈی او(ورکس اینڈ سروسز)مختار کھوکھر،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخراوردیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

ڈی سی او نے دوسرے بلاک کے مختلف حصوں کے تعمیراتی معیارکوچیک کیااورکہا کہ فن تعمیر میں جمالیاتی حسن کا خصوصی خیال رکھاجائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب چلڈرن ہسپتال کی تکمیل پر پانچ ارب روپے کے فنڈز خرچ کررہی ہے جو کہ ایشیاء کا بڑاہسپتال ہے جس میں بچوں کو مختلف بیماریوں کی جدید طبی سہولتیں حاصل ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے چلڈرن ہسپتال کے شعبہ آؤٹ ڈور کا بھی معائنہ کیا اور بچوں کے طبی معائنے سمیت دیگر میڈیکل سروسز کی فراہمی کے عمل کاجائزہ لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ وہ بچوں کو وبائی اورمتعدی امراض سے بچانے کیلئے آگاہی مہم کو بھی منظم کریں اس سلسلے میں بچوں کے علاج کیلئے آنے والے والدین کی کونسلنگ کے علاوہ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی واحتیاطی تدابیر پرمبنی پوسٹرز نمایاں جگہوں پرآویزاں کئے جائیں۔

انہوں نے صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنے اور شعبہ آؤٹ ڈور کے اندرونی وبیرونی ماحول کو خوشنما اور پرکشش بنانے کی ہدایت کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ مریض بچوں کے علاج معالجہ کے لئے والدین کی زیادہ تعدادچلڈرن ہسپتال سے رجوع کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شعبہ آؤٹ ڈور میں بچوں کے طبی معائنہ اور ادویات کی فراہمی کے علاوہ فی الحال محدود پیمانے پرایمرجنسی میڈیکل سروسز کا بھی بندوبست کررکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :