اساتذہ کی جدید تربیت اور معاشی استحکام کے بغیر تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں ،ماہرین تعلیم

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ماہرین تعلیم اور اساتذہ نے کہا ہے کہ معاشرے میں اساتذہ کے وقار کو بلند اور جدید طرز تربیت کو اختیار کیے بغیر ملک میں تعلیمی اہداف کا حصول نا ممکن ہے، وہ جمعہ کو عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ عالمی یوم اساتذہ کے تناظر میں ادارہ تعلیم و آگہی اور یونیسکو کے تعاون سے ـ"اقوام متحدہ کی طرف سے 2030تک کے لیے ترتیب دیئے گئے ترقیاتی اہداف میں تعلیم اور اساتذہ کے کردار"کے موضوع پر گزشتہ روز (جمعہ) کو ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں ممتاز ماہرین تعلیم، دانشور، اساتذہ اور طلباء کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ممتازماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر جمیل باجوہ نے کہا کہ معاشرے میں استاد کے لیے مناسب جگہ اور وقارکو بحال کیے بغیر نوجوان نسل کو اس پیشے کی طرف مائل کرنا تقریباًناممکن ہے لیکن استاد کے لیے معاشرے میں عزت اور احترام کا حصول اس وقت تک خواب رہے گا جب تک ہمارے اساتذہ اعلٰی تعلیم اور جدید تربیت سے محروم رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمیل باجوہ کے مطابق مرد اساتذہ کی تعداد میں نمایاں کمی ظاہرہو رہی ہے اور جدید تحقیق کے مطابق اس وقت ٹیچرز ٹریننگ کی انرولمنٹ میں صرف پانچ فیصد مرد امیدوار سامنے آئے ہیں جو کہ بذات خود لمحہ فکریہ ہے۔ ان کے مطابق استاد کے حوالے سے معاشرے میں رائج عمومی رائے کو بدلنا اور اس پیشے کو حقیقی حیثیت دلوانا اہم ترین عنصر ہے اور ٹریننگ کے بعد اس کے مروجہ استعمال پر بحث کی گئی ۔

مقررین کے مطابق اساتذہ تعلیم کا پہلا بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر کسی طور سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔ سیمینار سے خطاب کرنے والے دوسرے مقررین میں اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن کی نرگس سلطانہ ، رٹگرز WFPکے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹرقدیر بیگ اور ادارہ تعلیم و آگہی کی ٹرسٹی ڈاکٹر افشاں ہما شامل ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ کے کرداراور اہداف کے موضوع پر ادارہ تعلیم و آگہی کی صباسعید نے ایک خصوصی رپورٹ بھی پیش کی جس میں اساتذہ کی تربیت ، کردار اور اہداف کے حوالے سے معلومات شیئر کی گئیں۔

اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ اس سیمینار میں ادارہ تعلیم و آگہی کی جانب سے" انیتا غلام علی ایوارڈ "2015کے حوالے سے بھی خصوصی اعلان کیا گیا اور اساتذہ اور ماہرین تعلیم کو ایوارڈ میں شمولیت کے حوالے سے بنیادی معلومات فراہم کی گئیں۔ ملک کی ممتاز ماہر تعلیم اور استاد انیتاغلام علی (مرحومہ) ستارہ امتیاز کے نام پر ادارہ تعلیم و آگہی کی جانب سے 2008سے ملک کے بہترین استاد کے لیے اس ایوارڈ کا اجراء کیاجاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :