عالمی مشاعرہ کو شایان شان بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل سرپرستی حاصل رہے گی، عالمی مشاعرہ کراچی کی ایک ثقافتی روایت بن چکی ہے اس کو تسلسل کے ساتھ منعقد کیا جائے اور انتظامات بھی شایان شان ہونے چاہئیں

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی عالمی مشاعرہ آرگنائزنگ کمیٹی کے وفد سے گفتگو

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عالمی مشاعرہ کو شایان شان بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل سرپرستی حاصل رہے گی عالمی مشاعرہ کراچی کی ایک ثقافتی روایت بن چکی ہے اس کو تسلسل کے ساتھ منعقد کیا جائے اور انتظامات بھی شایان شان ہونے چاہئیں،وہ جمعہ کو گورنرہاؤس میں عالمی مشاعرہ آرگنائزنگ کمیٹی کے وفد سے بات چیت کررہے تھے، وفد نے سابق وفاقی وزیر سید صفوان اﷲ کی سربراہی میں گورنرہاؤس میں ان سے ملاقات کی اور عالمی مشاعرہ کے انتظامات کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا وفد میں سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، محمود احمد خان، عامر مسعود شیخ، بشیر سدوزئی، مظہر خان، رضوان صدیقی، محمداسلم خان اور اقبال احمد خان شامل تھے، وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ 24ویں عالمی مشاعرہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ہندوستان سمیت امریکہ ، کینیڈا، ایران، متحدہ عرب امارات اور ملک بھر سے معروف شعراء کرام شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کی فضا بین الاقوامی سطح کے پروگراموں کیلئے مناسب ہے اور ایسے پروگراموں سے کراچی کا سافٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا، جبکہ عالمی مشاعرہ اب کراچی کی پہچان بن چکا ہے لہٰذا کراچی کے ہر شہری کو اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے پروگراموں کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کرے گی کیونکہ ایسے پروگرام شہر میں امن و امان کی فضا کو بہتر بنانے کیلئے بھی سود مند ثابت ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ مرکزی مشاعرہ کے علاوہ ذیلی مشاعروں میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ جو لوگ مرکزی مشاعرہ میں شرکت نہ کرسکیں وہ دوسرے مشاعروں میں شامل ہوسکیں، گورنر سندھ نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو بہتر تعلیمی و ادبی ماحول مہیا کرنے کے لئے ہمیں کردار ادا کرنا چاہئے علمی و ادبی پروگراموں کے انعقاد سے ماحول بہتر ہوگا۔