شہر میں گرانفروشی ،منافع خوری ،جعل سازی اور مضرصحت اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی زیر صدارت پرائس کنٹرول تجزیاتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ وچیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی داؤدخان خلجی کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد یاسر بازئی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول تجزیاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمدطارق مینگل ،اسسٹنٹ کمشنر صدر منیراحمد مویسانی اور اسپیشل مجسٹریٹس کے علاوہ محکمہ لائیواسٹاک، محکمہ اوزان وپیمائش ،محکمہ لیبر،محکمہ مارکیٹ کمیٹی اوردیگر محکموں کے آفیسران اور مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ شہر میں گراں فروشی ،منافع خوری ،جعل سازی اور مضرصحت اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں اور معیار کا تعین کرنے کے لئے پانچ ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی جس میں محکمہ لائیواسٹاک پر مشتمل کمیٹی دودھ اورگوشت کے نرخ اور قیمت کا تعین اورتجزیہ کرے گی جبکہ محکمہ اوزان وپیمائش پر مشتمل کمیٹی مقررہ اوزان وپیمائش ،محکمہ لیبر پر مشتمل کمیٹی ٹیلرز شاپس اور ہیرڈریسرز شاپس کے نرخ ،محکمہ خوراک پر مشتمل کمیٹی روٹی(نان)کے وزن اور نرخ کے علاوہ محکمہ مارکیٹ کمیٹی پر مشتمل کمیٹی پھل اور سبزیوں کے نرخ اومحکمہ کوالٹی کنٹرول پر مشتمل کمیٹی اشیاء خوردونوش کی معیار،مدت اور کوالٹی کا تجزیہ کرے گی ۔

(جاری ہے)

ان تمام کمیٹیوں میں ایسوسی ایشزکے نمائندے بھی شامل ہیں ۔جو ایک ہفتے کے اندر اشیاء خوردونوش وضروریات روزمرہ اشیاء کا مکمل تجزیہ کرکے رپورٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو کو رپورٹ دیں گی جس کے بعد قیمتوں کا تعین ازسرنو جبکہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔