ملک میں صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافے کی اشد ضرورت ہے ، وسائل کی قلت کی وجہ سے ایسا کرنا مشکل ہوگیا ہے ، قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف اْٹھ کھڑی ہو

صدر مملکت ممنون حسین کا ایشیائی ایسوسی ایشن برائے ٹرانسفیوڑن میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 22:04

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافے کی اشد ضرورت ہے لیکن وسائل کی قلت کی وجہ سے ایسا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف اْٹھ کھڑی ہوتا کہ قومی وسائل قوم کی فلاح وبہبور پر خرچ کیے جاسکیں۔ وہ جمعہ کو یہاں ایشیائی ایسوسی ایشن برائے ٹرانسفیوڑن میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ امراضِ خون پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے میں مختلف سطحوں پر آگہی کی مہمات چلائی جائیں جن میں پیچیدہ اور تکنیکی زبان اختیار کرنے کی بجائے سادہ اور عام فہم اسلوب اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور خاص طور پر پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہی علاقے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ ان مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جن ملکوں کو اس طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، اْن ملکوں میں حکومتوں کے ساتھ ساتھ رفاحی تنظیموں اور پیشہ ورانہ اداروں کی ذمہ داری بھی بہت بڑھ جاتی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ اس شعبے میں ہمارے لوگوں کی خدمات شاندار ہیں لیکن دیہی اور پسماندہ علاقوں میں کام کرنے کی ابھی بھی بہت گنجائش ہے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ محفوظ انتقال خون کو یقینی بنانے کے عمل پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بین الاقوامی ماڈل کی طرز پر انتقالِ خون کے علاقائی مراکز کے نیٹ ورک بھی جلد وجود میں آجائیں گے۔