بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کاسمجھوتہ ایکسپریس روکنے پرشدیداحتجاج

سمجھوتہ ایکسپریس روکے جانے سے پاکستانی اور بھارتی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، بھارت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے، دفتر خارجہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) سمجھوتہ ایکسپریس کو روکنے پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیاگیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کرتے ہوئے کہاگیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے ،جو بھارتی شہری واپس نہیں جا سکے ان کی رہائش کیلئے پاکستان نے انتظامات کئے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر رگھو رام کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت کی جانب سے8اکتوبر کو سمجھوتہ ایکسپریس کو روکنے کے معاملے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

اس موقع پر ڈی جی ساؤتھ ایشیا محمد فیصل نے بھارتی ہائی کمشنر رگھو رام کو بتا یاکہ سمجھوتہ ایکسپریس روکے جانے پر جو بھارتی شہری واپس نہیں جا سکے، ان کی رہائش اور کھانے پینے کیلئے پاکستان نے انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس روکے جانے سے پاکستانی اور بھارتی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔سمجھوتہ ایکسپریس رکنے کی وجہ سے 200بھارتی شہری واپس نہ جا سکے جن کی رہائش کا انتظام پاکستان نے کیا۔