حیدرآبادڈویژن کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کی سرگرمیوں کی خفیہ کیمروں سے نگرانی کی جائیگی،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

محرم الحرام کے دوران عزاء داروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ، محکمہ پولیس اور دیگر اداروں نے جامع حکمت عملی تشکیل دیدی

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سید آصف حیدر شاہ نے ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران عوام خصوصاً عزاء داروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے مشترکہ تعاون سے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے جس کے تحت حیدرآباد سمیت تمام اضلاع میں محرم کی سرگرمیوں کی خفیہ کیمروں سے سخت نگرانی ، بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ، داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ ، شاہراؤں کی مرمت ، صفائی ستھرائی کے انتظامات محرم سے قبل مکمل کرنا اور ماتمی جلوسوں کو زیادہ سے زیادہ پولیس کا تحفظ فراہم کرنا شامل ہے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔

وہ سابق ضلع ناظم سیکریٹریٹ حیدرآباد میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامیہ اور حفاظتی اقدامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر آصف حیدرشاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو تحفظ فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے وہ اس سلسلے میں حیدرآباد سمیت پورے ڈویژن میں اچانک دورے کر کے صورتحال کا خود جائزہ لیں گے، انہوں نے ڈویژن کے افسران اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقوں میں حساس مقامات کی سخت نگرانی کریں اور زیادہ سے زیادہ پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کر کے انہیں پر امن رہنے کی درخواست کریں اور ان علماء کے تعاون سے امن امان کو زیادہ بہتر بنانے کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی آئی جی حیدرآؓباد خادم حسین رند نے بتایا کہ اس وقت ملک کی مجموعی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے محرم الحرام کے دوران حیدرآباد سمیت دیگر علاقون کی صورتحال حساس ہے، انہوں نے بتایا کہ اسکے علاوہ محکمہ پولیس ہر سرگرمی کی نگرانی کر رہا ہے ۔ ڈی آئی جی حیدرآؓباد نے اجلاس میں بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن میں 145 انتہائی حساس،301حساس اور 1329ماتمی جلوس برآمد ہوتے ہیں جبکہ 134انتہائی حسا س، 340حساس اور 2170مجالس کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ ڈویژن میں تمام مقامات اور محرم الحرام کے دوران پولیس اہلکار مقرر کرنے کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی مقرر کیے جائینگے۔

ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں کی سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے جبکہ ڈرینج لائینوں کی مرمت اور صفائی کے بھی انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے، انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ محر م الحر ام کے دوران رات کے اوقات مٰیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں، انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کوقریبی رابطے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی،انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ لائیٹس کو فعال بنائیں اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس اور فائر برگیڈ کی گاڑیوں کی مکمل فہرست انتظامیہ کو دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے، اجلاس میں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :