Live Updates

حلقہ این اے 122 ،125 اور لودھراں کے حلقہ این اے 154 میں مسلم لیگ (ن) کو پی ٹی آئی پر برتری حاصل

این اے 122،(ن)لیگ کے ایاز صادق پی ٹی آئی کے علیم خان کے مقابلے میں آگے، پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کچھ اضافہ ہوا‘گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کا سروے تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو ٹف ٹائم دے گی‘ نجی ٹی وی

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) لاہور کے حلقہ این اے 122 ،این اے 125 اور لودھراں کے حلقہ این اے 154 میں مسلم لیگ (ن) کو تحریک انصاف پر برتری حاصل ہے ، دو آزاد کمپنیوں کے سروے میں رائے عامہ کے جائزے کے مطابق این اے 122میں (ن)لیگ کے ایاز صادق پی ٹی آئی کے علیم خان کے مقابلے میں آگے تاہم حلقے میں پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کچھ اضافہ ہوا،پاکستان تحریک انصاف این اے 122لاہور 5، این اے 125لاہو ر آٹھ اور این اے 154لودھراں ایک کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کو ٹف ٹائم دے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سروے رپورٹس مسلم لیگ (ن)کی جیت کا اشارہ دے رہی ہیں جس کااندازہ گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے سروے دیکھ کرلگایا جاسکتا ہے جو ستمبر اور اکتوبر 2015میں کرائے گئے اور اس میں ہر حلقے کے تقریباً 800افراد نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

تینوں حلقوں کے عوام سے یہ پوچھا گیا کہ آپ اپنے حلقے کے ضمنی انتخاب میں کس جماعت کو ووٹ دیں گے؟۔این اے122کے حلقے میں کرائے گئے گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں 46فیصد افراد نے مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اور 37فیصد افراد نے پاکستان تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کو ووٹ دینے کا کہا۔

ستمبر 2015ء میں گیلپ پاکستان کے سروے میں 51فیصد افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن)اور 36فیصد نے پاکستا ن تحریک انصا ف کو ووٹ دینے کا کہا تھا۔پلس کنسلٹنٹ کی بات کی جائے تو حالیہ سروے میں 52فیصد افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن)اور42فیصد نے پاکستا ن تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا کہا۔ ستمبر 2015کے سروے میں 57فیصد افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن)اور36فیصد نے پاکستا ن تحریک انصا ف کو ووٹ دینے کا کہا تھا۔

یعنی دونوں سروے میں پاکستان تحریک انصاف ووٹرز کا دل جیتنے میں کامیاب ضرور ہوئی مگر اب بھی پاکستان مسلم لیگ کو اس پر برتری حاصل ہے۔ این اے 125لاہو ر آٹھ کی بات کی جائے تو گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں پاکستان مسلم لیگ نواز کو 58فیصدافراد ، جبکہ پی ٹی آئی کو 29فیصد افراد نے ووٹ دینے کا کہا۔ یہی صورتحال پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں بھی دیکھی گئی جہاں مسلم لیگ نواز کو ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح 58فیصد اور پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح 34فیصد ہے ۔

یعنی گزشتہ سروے کے مقابلے میں اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ نواز کو ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔ این اے 154لودھراں ایک کی بات کی جائے تو اس حلقے میں ضمنی انتخاب ہونے کی صورت میں گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو 50فیصد، جبکہ پی ٹی آئی کو 28فیصد افراد ووٹ دینا چاہتے ہیں جبکہ پلس کنسلٹنٹ کے مطابق اس حلقے میں مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح اب 53فیصد اور پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح 38فیصد ہے ۔ یعنی اس حلقے میں بھی پاکستان مسلم لیگ نواز کو ووٹ دینے کا کہنے والے افراد کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات