نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ ،معیاری تعلیم کی طرف مکمل توجہ دینا ہو گی تاکہ وہ مستقبل میں ملک اور قوم کی بہتر خدمت کر سکیں، اصغر علی جونیجو

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر محنت اصغر علی جونیجو نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی طرف مکمل توجہ دینا ہو گی تاکہ وہ مستقبل میں ملک اور قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔وہ مقامی ہوٹل میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیراہتمام منعقدہ فیوچر لیڈرس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، کانفرنس میں حیدرآباد کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر محنت اصغر علی جونیجو نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے حصول کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی تاکہ ہمارا ملک دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکے، انہوں نے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقے کے نوجوانوں کو اس قسم کے پروگراموں میں شرکت کے لیے کہیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد خورشید علی شیخ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کے لیے ماں اور باپ بہترین انسٹیٹیوٹ ہیں جہاں اولاد کو ابتدائی طور پر بہترین تربیت مل سکتی ہے، حکومت نے گذشتہ کئی برسوں سے ہزاروں نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی ہے اور وہ اب اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر اپنا روز گار حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے نوجوان طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں کیونکہ انہیں مستقبل میں ملک کا نظام چلانا ہو گا، رضوان جعفر نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم اور ملک ترقی نہیں کر سکتا ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں جس سے وہ ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے کتابیں اور لٹریچر پڑھنا چھوڑ دیا ہے ہر چیز چھینی جاسکتی ہے لیکن تعلیم وہ ہتھیار ہے جو کوئی بھی چھین نہیں سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان کتابوں کا مطالعہ کریں جس سے ترقی کے کئی راستے مل سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دو روز قبل کراچی میں بھی کانفرنس ہوئی تھی جو جذبہ انہوں نے وہاں کے نوجوانوں میں دیکھا و ہی جذبہ آج انہوں نے حیدرآباد کے نوجوانوں میں بھی دیکھا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر منفی سرگرمیوں سے دور رہیں تو نہ صرف وہ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں بلکہ وہ اپنے مقاصد میں بھی کامیاب ہو سکتے ہیں، اس موقع پر ایم پی اے راشد خلجی ، حلیم عادل شیخ ، نادر غوری ، ایاز میمن موتی والا اور دیگر نے اپنے خطاب میں کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی، قبل ازیں ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد خورشید علی شیخ نے صوبائی وزیر اصغر علی جونیجو کو سوینیر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :