پائیدار ترقی کے اہداف کا پاکستان میں آغاز موجودہ حکومت کے عز م کا عکاس ہے ٗاحسن اقبال

کسی عالمی ایجنڈے کی بجائے ہمارے اپنے ترقیاتی اہداف ہیں جس کیلئے پاکستان کسی غیر ملکی امداد کا محتاج نہیں ہوگا ٗتقریب سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا پاکستان میں آغاز موجودہ حکومت کے عز م کا عکاس ہے، یہ کسی عالمی ایجنڈے کی بجائے ہمارے اپنے ترقیاتی اہداف ہیں جس کے لئے پاکستان کسی غیر ملکی امداد کا محتاج نہیں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام پائیدار ترقی کے اہداف کی تعارفی تقریب سے خطاب میں کہی۔

اس موقع پر پلاننگ کمیشن آف پاکستان اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ یو این ڈی پی کے درمیان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ۔ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ سکندر حیات بوسن، وفاقی وزیر برائے خصوصی تعلیم بلیغ الرحمان اور اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا پاکستان میں آغاز موجودہ حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی عالمی ایجنڈے کی بجائے پاکستان کے اپنے ترقیاتی اہداف ہیں جس کے لئے پاکستان کسی غیرملکی امداد کا محتاج نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے وژن میں پاکستان کو ایک خود انحصار ملک بنانا ہے، اسی وژن کی روشنی میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے پلاننگ کمیشن میں ایک سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025ء پائیدار ترقی کے لئے جامع روڈ میپ ہے، ہم نے ایم ڈی جیز کی ناکامی سے سیکھتے ہوئے اس میں ایسے اہداف مقرر کئے ہیں جو پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آمروں کے 35 سالہ دور میں سماجی شعبے کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے آغاز کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو خراج تحسین پیش کیا کہ پاکستان اس سلسلے میں پہلا ملک ہے جو پائیدار ترقی کے اہداف کا آغاز کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :