محتسب پنجاب کی مداخلت پرمرحوم فیکٹری ورکر کی بیٹی کی میرج گرانٹ کی6 سال بعد ادائیگی

مجاز افسر نے 70ہزار روپے مالیت کا چیک ایڈوائزر محتسب پنجاب ضلع بھکر کی موجودگی میں بیوہ کو پیش کیا دوسری بیٹی کی میرج گرانٹ کا چیک تین ماہ میں ادا کرنے کا وعدہ،محکمہ محنت سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر طریقہ کار وضع کرے

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) محتسب پنجاب جاوید محمود کے حکم پر ڈسٹرکٹ لیبر افسر، محکمہ محنت پنجاب نے مرحوم فیکٹری ورکر کی بیٹی کی میرج گرانٹ کا 6 سال سے واجب الادا 70ہزار روپے مالیت کا چیک ایڈوائزر محتسب پنجاب ضلع بھکر کی موجودگی میں بیوہ کو پیش کیا جبکہ دوسری بیٹی کی میرج گرانٹ کا چیک تین ماہ کے اندر ادا کرنے کا وعدہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق دریا خان ضلع بھکر کی رہائشی شکیلہ بی بی نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ اس کا خاوند خلیل احمد مقامی شوگر مل میں ملازم تھا جس کا دو بیٹیوں کی شادیاں کرنے کے بعد 2009میں انتقال ہو گیا۔ چھ سال گزر جانے کے باوجود اسے اپنی بیٹیوں کی شادی گرانٹ نہیں ملی جبکہ محکمہ محنت کے افسران اسے مسلسل دفاتر کے چکر لگوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایڈوائزر ضلع بھکر صابر کبیر کو انکوائری کی ہدایت کی تو پتہ چلا کہ درخواست گزار کا معاملہ ڈسٹرکٹ افسر لیبر بھکر اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے درمیان خط و کتابت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔

محتسب پنجاب کی مداخلت پر پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو درخواست دہندہ کی جانب سے تمام مطلوبہ دستاویزات از سر نو فراہم کی گئیں جس کے بعد ڈسٹرکٹ افسر لیبر بھکر نے ڈسٹرکٹ ایڈوائزر محتسب ضلع بھکر کے دفتر میں شکایت کنندہ کی ایک بیٹی کا میرج گرانٹ کا 70ہزار روپے مالت کا چیک بیوہ کو پیش کیا جبکہ دوسری بیٹی کا میرج گرانٹ کا چیک تین ماہ کے اندر دینے کا وعدہ کیا ۔ محتسب پنجاب نے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ صنعتی کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو قواعد کے مطابق حاصل سہولیات کی فراہمی کیلئے ایساموثر طریقہ کار وضع کرے جس کے تحت متاثرین کو اپنے واجبات کے حصول کیلئے کئی کئی سال انتظار نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :