ایم کیوایم کے استعفوں پر چیئرمین سینیٹ کی رولنگ سے اتفاق کرتا ہوں، آغاسراج درانی

استعفوں میں قانونی سقم موجود ہیں، انفرادی تصدیق کے بغیر استعفے منظور نہیں کیے جاسکتے ہیں،اسپیکر سندھ اسمبلی ارباب غلام رحیم گزشتہ پانچ سال سے ایوان میں نہیں آرہے ،اب اگر کسی رکن نے درخواست دی تو کارروائی کرینگے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے استعفوں پر چیئرمین سینٹ کی رولنگ سے اتفاق کرتا ہوں۔استعفوں میں قانونی سقم موجود ہیں۔ انفرادی تصدیق کے بغیر استعفے منظور نہیں کیے جاسکتے ہیں۔ارباب غلام رحیم گذشتہ پانچ سال بھی ایوان میں نہیں آرہے ہیں اب اگر کسی رکن نے درخواست دی تو کارروائی کریں گے۔

وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں امریکی سفارت خانے کے پولیٹکل قونصلرکے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔آغا سراج درانی نے کہاکہ ایم کیوایم کے استعفوں کی جانچ پڑتال کے لیے سیکرٹری اسمبلی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔ایم کیوایم کے استعفوں پرچیئرمین سینٹ کی رولنگ سے اتفاق کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

استعفوں میں قانونی سقم موجود ہیں انفرادی تصدیق کے بغیر استعفے منظور نہیں کی جاسکتے۔

سابق وزرائے اعلیٰ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر آغاسراج درانی نے کہا کہ یہ سارے لوگ عوام کے مسترد کردہ ہیں ،ارباب غلام رحیم کو تو اسمبلی آنے پر بھی ڈر لگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی عوامی نمائندے کی رکنیت ختم کرنا نہیں چاہتے ۔قبل ازیں امریکی سفارت خانے کے پولیٹکل قونصلرکے وفد نے آغاسراج درانی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔