کنٹینر پر چڑھ کر بجلی کے بل کو آگ لگانے سے بجلی نہیں آتی ٗ 2018تک ملک سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کر دینگے ٗ وزیراعظم

عمران خان جب بھی گالیاں دیتے ہیں ہمارے دل سے ہدایت کی دعا نکلتی ہے ٗپاکستان کو چلانا آسان کام نہیں ٗ20 ٗ 30 سال میں معاملات اتنے پیچیدہ کردیئے گئے ہیں کہ چھوٹے چھوٹے معاملات کیلئے بھی دل گردہ چاہیے ٗ محمد نواز شریف کا تقریب سے خطاب حکومت ملک میں اندھیروں کو ختم کرنے اور پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ٗوزیر اعلیٰ پنجاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:16

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ کنٹینر پر چڑھ کر بجلی کے بل کو آگ لگانے سے بجلی نہیں آتی ٗ 2018تک ملک سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کر دینگے ٗ عمران خان جب بھی گالیاں دیتے ہیں ہمارے دل سے ہدایت کی دعا نکلتی ہے ٗپاکستان کو چلانا آسان کام نہیں ٗ20 ٗ 30 سال میں معاملات اتنے پیچیدہ کردیئے گئے ہیں کہ چھوٹے چھوٹے معاملات کیلئے بھی دل گردہ چاہیے ۔

بھکی بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ بکھی منصوبے کو 95 ارب روپے میں لگنا چاہیے تھا ٗ نیپرا رولز کے مطابق بکھی منصوبہ 95 ارب روپے کا تھا جسے پنجاب حکومت 55 ارب روپے سے مکمل کررہی ہے تاہم اگرکوئی پیسا بنانے والی حکومت ہوتی تو منصوبے پر اتنا ہی خرچ ہوتا ٗ 45 ارب روپے کی بچت ہماری شفاف پالیسی کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف بجلی کی قلت پورا کرنا اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے، سستی بجلی عوام تک پہنچے گی تو ملک ترقی کرے گا اور کم آمدنی والا خاندان بھی خوشحال ہوگا تاہم کنٹینر پر چڑھنے والے لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی اور ملک کی ترقی کنٹینر پر چڑھنے والوں کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی 6 ماہ میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا، 1180 میگاواٹ کا بھکی پاور پروجیکٹ 2017 کے آخر تک بجلی کی پیداوارشروع کردے گا اور2018 تک ملک سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کردیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کھیل کود سے باہر نکلیں اور گالیاں دینا چھوڑیں، جب بھی گالیاں دیتے ہیں دل سے دعا نکلتی ہے کہ اﷲ تعالی آپ کو ہدایت دے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے کسان پیکج کا اعلان کیا ، سیاستدانوں نے اسے اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھادیا ۔ ایسے سیاستدانوں سے پوچھنا چاہیے کہ ہمارے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی کس نے اجازت دی،اس طرح کی سیاست پاکستان کے عوام قبول نہیں کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور بجلی بحران ملک کے 2 اہم مسائل ہیں ٗافواج پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردی پر کاری ضرب لگائی ہے ٗدہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔وزیراعظم میاں نواز شریف نے قوم سے بجلی کی بندش ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اپنے وعدے کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کچھ لوگوں نے اقتصادی راہداری پر تنقید کی۔ پروپیگنڈا کرنیوالوں کے منہ پر تالے لگ چکے ہیں۔ حکومت ملک میں اندھیروں کو ختم کرنے اور پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ساہیوال میں 1320 میگاواٹ ، بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک اور تھر میں بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بھکی پاور پلانٹ کی طرز پر حویلی بہادر شاہ میں بھی کام جاری ہے۔ بھکھی پاور پلانٹ پنجاب کا نہیں پورے پاکستان کا ہے۔ منصوبے سے قوم کے 110 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ بھکھی بجلی گھر گڈو پاور پلانٹ کی نسبت سستی بجلی پیدا کرے گا۔