دیانت دار قیادت ہی ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے ،بددیانت اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کی حالت روندے کھیت جیسی کردی ہے ، نااہل اور بدیانت حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے عوام اٹھ کھڑے ہوں

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کا جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا کہ دیانت دار قیادت ہی ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔بددیانت اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کی حالت اس کھیت جیسی کردی ہے جس کو جنگلی بھینسوں نے روند ڈالا ہو،ملک کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ نااہل اور بدیانت حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے عوام اٹھ کھڑے ہوں۔

اگر غیر مسلم ملک ناروے اپنے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حضرت عمر فاروق ؓ کے بنائے ہوئے قوانین کا نفاذ کرسکتا ہے تو اسلام کے نام پر بننے والا پاکستان کیوں نہیں کرسکتا ۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے کرپٹ اورچور سیاستدانوں اور حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

عوام گزشتہ سات دہائیوں سے مکر و فریب کے ان بتوں کو پوجتے رہے ہیں مگر ان کی محرومیوں اور پریشانیوں میں کمی آنے کی بجائے اضافہ ہوتا رہا ،سانپوں اور بچھوؤں کو دودھ پلانے والے اب سر پر بازو رکھ کر رو رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے آج تک ایک لمحہ کیلئے بھی یہاں آئین و قانون کی بالا دستی قائم نہیں ہونے دی گئی ،غریب انصاف کیلئے مارا مارا پھرتا ہے جبکہ حکمران طبقہ نے قانون کو موم کی ناک بنا رکھا ہے وہ جب اور جس طرف چاہتے ہیں قانون کو موڑ لیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ غریب معمولی چوری میں سال ہا سال قید کاٹتا ہے جبکہ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں ۔

انہوں نے کہا ظلم و جبر کے اس نظام کو الٹنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام ان دھوکہ بازوں کے چکر سے نکل سے اسلامی انقلاب کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔انہوں نے شہید المحراب خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق ؓ کی سیرت و کردار اور شہادت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو حضرت عمر فاروق ؓ کے نقش قدم پر چلنے والی قیادت کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :