سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ خوراک کے اجلاس میں انکشاف

شکایات ملی ہیں کہ یہ تعیناتیاں میرٹ سے ہٹ کر کی گئیں، کمیٹی چیئرمین نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے تفصیلات طلب کرلیں،ملک میں ٹریکٹرز کے معیارکی جانچ پڑتال کیلئے کوئی ادارہ قائم نہ ہونے پر اظہار برہمی آئندہ دو سے تین دن کے اندر کھادکی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی، 160 روپے کا اضافہ واپس لیا جائے گا،نوٹیفکیشن (کل) جاری کردیا جائے گا، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندربوسن کی بریفنگ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 21:07

ا سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ خوراک میں انکشاف ہوا کہ گزشتہ دو سال میں زرعی ترقیاتی بنک میں کسان سپورٹ سبسڈی کمپنی میں 737 افراد کو میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کیا گیا ،اس پر کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کمپنی کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ یہ تعیناتیاں میرٹ کے برخلاف کی گئی ہیں اس حوالے سے کمیٹی چیئرمین نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے تفصیلی معلومات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں، ملک میں ٹریکٹرز کے معیار کی جانچ پڑتال کے لئے کوئی ادارہ قائم نہ ہونے پر کمیٹی نے اظہار برہمی کیا ، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندرحیات بوسن نے بتایا کہ دو سے تین دن کے اندر فرٹیلائزر کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر کو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ایک سو ساٹھ روپے کے اضافہ کو واپس لیا جائے گا اس کے علاوہ فرٹیلائزر کی بوری پر مزید پندرہ فیصد کمی کی جائے گی اور اس کا نوٹیفکیشن کل جاری کردیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین کمیٹی سید مظفر حسین شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اس موقع پر زرعی ترقیاتی بینک میں گزشتہ دو سال میں ہونے والی تعیناتیوں وزیراعظم کی جانب سے فرٹیلائزر پر 500 روپے سبسڈی دینے اور ملت اور غازی ٹریکٹر کی کوالٹی کے معاملات زیر غور آئے۔کمیٹی میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ کسان پیکج میں فرٹیلائزر پر پانچ سو روپے سبسڈی دینے کا معاملہ زیر غور آیا اس موقع پر وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندربوسن نے بتایا کہ دو سے تین دن کے اندر فرٹیلائزر کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر کو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ایک سو ساٹھ روپے کے اضافہ کو واپس لیا جائے گا اس کے علاوہ فرٹیلائزر کی بوری پر مزید پندرہ فیصد کمی کی جائے گی اور اس کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ویسے تو ساری صوبائی حکومتیں کسانوں کا حامی ہونے کی بات کرتی ہیں مگر اس حوالے سے ایسے اقدامات نہیں کئے جاتے کسان پیکج پر عملدرآمد صوبائی حکومتوں کے تعاون کے بغیر نہیں ہوسکتا ۔

زرعی ترقیاتی بینک کے صدر نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ دو سال کے زیڈ ٹی بی ایل کے ادارے کسان سپورٹ سبسڈی کمپنی میں 737 افراد کی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں اس پرکمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی کو شکایات موصول ہوئی ہیں کہ یہ تعیناتیاں میرٹ کے برخلاف کی گئی ہیں اس حوالے سے کمیٹی چیئرمین نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر سے تفصیلی معلومات آئندہ میٹنگ میں طلب کرلی ۔

کمیٹی میں ملت اور غازی ٹریکٹر کی کوالٹی کے معاملات زیر غور آئیں کمیٹی میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حکام نے انکشاف کیا کہ ٹریکٹر کی جانچ پڑتال کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں ہے اس کے علاوہ 90 آئٹم فوڈ اور نان فوڈ کی ہیں جن کی ٹیسٹنگ کی جاتی ہے اور سرٹیفکیٹ جاری کیاجاتا ہے اس پر کمیٹی چیئرمین نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکام کو ایس آر او کے ذریعے ٹریکٹر کو کوالٹی کنٹرول کی لسٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :